تلنگانہ میں کانگریس کی حالت پر ہائی کمان فوری توجہ دے

   

سابق مرکزی وزیرسروے ست نارائنا کا مشورہ، ملکاجگیری سے ریونت ریڈی کی تائید کا اعلان
حیدرآباد ۔ 18۔ مارچ (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر سروے ست نارائنا نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین کے پارٹی چھوڑ دینے پر پی سی سی صدر اتم کمار ریڈی لوک سبھا کے ٹکٹ کیلئے کوشش کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سینئر قائدین لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ صورتحال کو بہتر نہیں بنایا گیا تو مستقبل میں پارٹی کو بھاری نقصان ہوگا ۔ سروے ست نارائنا نے پارٹی کی ریاستی قیادت میں تبدیلی کو ناگزیر قرار دیا ۔ پارٹی کی تنظیم جدید کی صورت میں وہ دوبارہ گاندھی بھون آنے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاکھ مسائل پیدا کئے گئے لیکن انہوں نے پارٹی کو نہیں چھوڑا۔ اگر اتم کمار ریڈی لوک سبھا کیلئے مقابلہ کریں تو وہ ان کے خلاف مہم چلائیں گے ۔ سروے ست نارائنا نے ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ سے کانگریس امیدوار ریونت ریڈی کی تائید کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 22 مارچ کو ریونت ریڈی پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ ریونت ریڈی نے سروے ست نارائنا سے ملاقات کرتے ہوئے تائید کی اپیل کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ملکاجگیری دراصل سروے ست نارائنا کا گھر ہے اور وہ چناؤ میں ان کی تائید کے خواہاں ہیں۔ سابق مرکزی وزیر نے مکمل تائید کا یقین دلایا۔