تلنگانہ میں کانگریس کے 8 لوک سبھا امیدواروں کو قطعیت

   

باقی 5کیلئے سرگر م مشاورت، فہرست کی دو مراحل میں عنقریب اجرائی کا امکان

حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے تلنگانہ میں 13 لوک سبھا حلقوں کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا جائزہ لیتے ہوئے 8 حلقہ جات کیلئے ناموں کو قطعیت دے دی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں شریک صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی، سونیا گاندھی اور کے سی وینوگوپال نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لیا۔ ریونت ریڈی کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی نے اجلاس میں شرکت کی۔ کانگریس پارٹی نے 17 کے منجملہ 4 لوک سبھا حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ طویل مشاورت کے بعد 8 امیدواروں کے نام پر اتفاق رائے ہوا جبکہ باقی پانچ حلقہ جات کیلئے مزید مشاورت ہوگی اور تیسرے مرحلہ میں فہرست جاری کی جائے گی۔ توقع کی جارہی ہے کہ 8 امیدواروں کی دوسری فہرست کسی بھی لمحہ جاری کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق بی آر ایس سے شمولیت اختیار کرنے والے چیوڑلہ رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی کو کانگریس چیوڑلہ سے امیدوار بنائے گی جبکہ خیریت آباد کے بی آر ایس رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کو سکندرآباد لوک سبھا حلقہ سے مرکزی وزیر کشن ریڈی کے خلاف امیدوار بنایا جائے گا۔ سابق وزیر مہیندر ریڈی کی اہلیہ سنیتا مہیندر ریڈی ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ سے امیدوار رہیں گی۔ پارٹی کی جانب سے کئے گئے فلاش سروے نے کئی حلقہ جات میں امکانی امیدواروں کے نام تبدیل کرنے پر ہائی کمان کو مجبور کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی پانچ حلقہ جات کے امیدواروں کیلئے دوبارہ نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔ میدک، کھمم، پدا پلی اور ناگرکرنول حلقہ جات کیلئے کئی سینئر قائدین کی دعویداری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے مسلم خاتون امیدوار کا نام زیر غور ہے جو پیشہ کے اعتبار سے ایڈوکیٹ بتائی جاتی ہیں۔ بی جے پی نے بھی حیدرآباد سے خاتون کو امیدوار بنایا ہے۔ حیدرآباد کی مقامی جماعت سے قربت کے باعث کانگریس پارٹی لوک سبھا حلقہ حیدرآباد میں مضبوط امیدوار اتارنے کے موقف میں نہیں ہے۔ سنٹرل الیکشن کمیٹی میں جن ناموں پر اتفاق رائے عمل میں آیا ان میں رنجیت ریڈی ( چیوڑلہ)، سنیتا ریڈی ( ملکاجگیری )، پروین ریڈی ( کریم نگر) ، جی ومشی ( پدا پلی)، پی دیاکر ( ورنگل )، پی شیکھر ریڈی ( بھونگیر )، ڈی ناگیندر ( سکندرآباد )، جیون ریڈی ( نظام آباد ) شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس امیدواروں کی باقی فہرست دو مراحل میں جاری کی جائے گی۔ 1