تلنگانہ میں کسانوں کیلئے ماہانہ پنشن اسکیم کیلئے کے سی آر کی منصوبہ بندی

   

اپوزیشن سے نمٹنے کسانوں کو خوش کرنے کی حکمت عملی، محکمہ فینانس کو اسکیم تیاری کی ذمہ داری
حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی اور کانگریس کی جانب سے مخالف مہم سے نمٹنے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایک اہم فیصلہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں جس کے تحت کسانوں کو ماہانہ پنشن فراہم کیا جائے گا۔ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکز کے رویہ سے کسانوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے جس کا اثر ٹی آر ایس حکومت پر پڑ سکتا ہے۔ کسان چونکہ کسی بھی پارٹی کی کامیابی یا شکست میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں لہذا چیف منسٹر کسانوں کیلئے پنشن اسکیم کے اعلان پر غور کررہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے آئندہ بجٹ میں کئی نئی اسکیمات کے اعلان کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ماہرین اور عہدیداروں سے مشاورت جاری ہے۔ محکمہ فینانس کو پنشن اسکیم کے گائیڈ لائنس طئے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کسانوں کو ماہانہ 2 ہزار روپئے پنشن کی تجویز ہے۔ یہ پنشن 47 سال سے زائد عمر کے چھوٹے اور متوسط کسانوں کو دیا جائے گا۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ کی طرح رعیتو بندھو اسکیم موجود نہیں جس کے تحت ہر فصل پر حکومت امداد فراہم کرتی ہے۔ رعیتو بندھو اسکیم سے ریاست میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ نئی ریاست کے قیام کے بعد ابھی تک 64 لاکھ کسانوں کو چار برسوں میں 50 ہزار کروڑ روپئے رعیتو بندھو کے تحت دیئے جاچکے ہیں۔ کسانوں کی موت واقع ہونے پر افراد خاندان کیلئے رعیتو بیمہ اسکیم متعارف کی گئی جس کے تحت 3205 کروڑ کا پریمیم ادا کیا گیا۔ حکومت گزشتہ سات برسوں میں کسانوں کی بھلائی پر 2.71 کروڑ خرچ کرنے کا دعویٰ کررہی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ پنشن اسکیم کے سلسلہ میں ماہرین اور عہدیداروں کی جانب سے کیا سفارشات پیش کی جائیں گی۔ر