تلنگانہ میں 10 لاکھ افراد پر مشتمل واٹس ایپ گروپ کی تیاری

   


بی جے پی سوشیل میڈیا پر سرگرم ہونے کوشاں۔ ریاستی قائدین و انچارجس کو تربیت کی فراہمی
حیدرآباد۔27 ۔ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی آئندہ 6 ماہ میں 10 لاکھ افراد پر مشتمل واٹس ایپ گروپ کی تیاری کے ذریعہ عوام تک رسائی حاصل کریگی۔ بی جے پی سے قبل ہندو توا نظریہ ساز تنظیموں کے ذمہ داروں کی جانب سے واٹس ایپ کے مختلف گروپس کے ذریعہ عوامی ذہن سازی کا آغاز کردیا گیا لیکن اب بی جے پی سوشل میڈیا کے ساتھ واٹس ایپ گروپس کے ذریعہ عوام تک رسائی حاصل کرنے اور انہیں پارٹی سے قریب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی قائدین اور تلنگانہ میں بی جے پی سوشل میڈیا ذمہ داروں کو تربیت کیلئے قومی بی جے پی کے ماہرین کو حیدرآباد روانہ کیا جاچکا ہے اور وہ شہر کے مختلف مقامات پر بی جے پی کے سوشل میڈیا کے ذمہ داروں کے علاوہ پارٹی قائدین کو مختلف پلیٹ فارمس پر پارٹی کے نظریات کی تشہیر کی تربیت دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کا ہندی مواد جو شمالی ہند میں استعمال کیا جا رہا ہے اسے تلگو کے علاوہ اردو زبان میں بھی تیار کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس مواد کو مختلف ذرائع کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعہ وائرل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ بی جے پی سوشل میڈیا سے وابستہ ماہر نے بتایا کہ اندرون6 ہفتہ پارٹی کا سوشل میڈیا اس قدر مستحکم ہوجائے گا کہ اگر پارٹی کی جانب سے ایک پیغام جاری کیا جاتا ہے تو بیک وقت وہ پیغام 10 لاکھ افراد تک پہنچ جائیگا اور اسے وائرل کرنے پارٹی کارکنوں کوبھی سوشل میڈیا کے استعمال پر راغب کیا جا رہاہے ۔ تلنگانہ سوشل میڈیا کے علاوہ ضلعی سطح پر قائدین کے ہمراہ مشاورت کے بعد ضلعی مسائل اور ضلع کو نظرانداز کرنے کی شکایات کے متعلق تفصیلات حاصل کرکے انہیں عوام کے درمیان لایا جائے گا۔ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے پارٹی کے خلاف موقف کو دیکھتے ہوئے بی جے پی نے فیصلہ کیا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کا سوشل میڈیا پر بھی منظم انداز میں مقابلہ کیا جائے ۔ بی جے پی کی محاذی تنظیموں اور ان کے نظریات کو فروغ دینے والوں کی جانب سے پروپگنڈہ کے خلاف ٹی آر ایس بھی مقابلہ کر رہی ہے لیکن اب بی جے پی نے اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو مستحکم کرتے ہوئے ان کی تربیت کا فیصلہ کیا ہے ۔م