تلنگانہ میں 11 دن سے جاری گرمی کی شدت میں کمی

   

حیدرآباد۔ 9۔اپریل(سیاست نیوز) ریاست میںگذشتہ 11یوم سے جاری شدید گرمی کی شدت میں کسی حد تک راحت ریکارڈ کی جارہی ہے اورشہر حیدرآباد میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے کم ہوچکا ہے۔تلنگانہ کے 9 اضلاع میں درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکاتھا اورعادل آباد میں اعظم ترین درجہ حرارت 44.8ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جگتیال ‘ عادل آباد ‘ سوریہ پیٹ‘ ناگرکرنول ‘ ملوگو ‘ بھدادری کتہ گوڑم میں درجہ حرارت 44ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا تھا۔ شہر حیدرآباد میں اعظم ترین درجہ حرارت 43.1ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا ۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ 24تا48گھنٹے کے دوران موسم گرما کی شدت میں اسی طرح برقرار رہتی ہے تو ہفتہ کے دن دونوں شہروں حیدرآباداور سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں اور بارش کی صورت میں گرمی کی شدت میں مزید کمی ریکارڈ کی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ دو یوم سے درجہ حرار ت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کے سلسلہ میں ماہرین کا کہناہے کہ جاریہ ہفتہ اور آئندہ ایک ہفتہ کے دوران معمول کے مطابق گرمی کی شدت ریکارڈ کی جائے گی اور اس دوران ریاست کے کئی اضلاع میں غیر موسمی بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں اور خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست کے کئی علاقوں میں گذشتہ 24گھنٹے کے دوران بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی ہے۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ اضلاع کی طرح دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ 24گھنٹے کے دوران بھی بارش کے امکانات ہیں کیونکہ گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے بعد غیر موسمی بارش معمول کی بات ہے۔3