جرمنی اور جاپان میں روزگار کی فراہمی، وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی کا خطاب
حیدرآباد 4 اگست (سیاست نیوز) وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی نے ویملواڑہ اسمبلی حلقہ میں اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نوجوانوں کو صنعتوں کے لئے درکار مہارت کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس قائم کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِن مراکز میں کورسیس کی تکمیل کے بعد نامور اداروں میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ وینکٹ سوامی نے کہاکہ آرٹیفیشل انٹلی جنس، الیکٹرک وہیکلس، روبوٹکس اور ڈرونس جیسے عصری شعبہ جات میں نوجوانوں کو ٹریننگ دی جائے گی۔ 119 اسمبلی حلقہ جات میں 120 اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں۔ وزیر لیبر نے کہاکہ زرعی شعبہ جات سے مربوط عصری ٹیکنالوجی کے کورسیس کی ویملواڑہ کے ٹیکنالوجی سنٹر میں تربیت دی جائے گی جس کے لئے اکریساٹ سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ طلبہ کو تعلیم ترک کرنے سے روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے آئی ٹی آئی اور اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس میں ماہانہ 2 ہزار روپئے اسٹائپنڈ دیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے بی آر ایس دور حکومت میں انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کے ادارے ٹام کام کے تحت بیرونی ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔ جرمنی، جاپان اور دیگر ممالک میں نرسیس، الیکٹریشن اور دیگر پروفیشنلس کو ماہانہ 2 لاکھ روپئے تک تنخواہ حاصل ہورہی ہے۔ وینکٹ سوامی نے ویملواڑہ سنٹر کے 100 مستحق امیدواروں کو جرمن زبان کی ٹریننگ دیتے ہوئے ٹام کام کے ذریعہ روزگار کی فراہمی کا تیقن دیا۔ ویویک وینکٹ سوامی نے گورنمنٹ وہپ اے سرینواس کی ستائش کی اور کہاکہ حلقہ کی ترقی اور اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کے لئے مساعی قابل ستائش ہے۔ 200 کروڑ کے مصارف سے ویملواڑہ میں انٹیگریٹیڈ اسکول قائم کیا جارہا ہے۔ ضلع کلکٹر گریما اگروال، ٹام کام کی ڈائرکٹر نرملا کانتی ویزلی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔V/1/a/b