ریاست کی 80.95 فیصد آبادی ، راشن اسکیم کے دائرہ کار میں شامل ہوگئی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ریاست میں فوڈ سیکوریٹی کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری سطح پر ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے اور مستحق خاندانوں کو نئے راشن کارڈس کی اجرائی اور موجودہ کارڈس میں نئے ناموں کی شمولیت کے بعد اب ریاست کی ایک بہت بڑی آبادی اس اسکیم کے دائرہ کار میں شامل ہوچکی ہے ۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق 26 جنوری 2025 سے لے کر 27 مئی 2026 تک مرحلہ وار طریقے سے مجموعی طور پر 15,46,906 نئے راشن کارڈس جاری کئے گئے ہیں ۔ ان نئے راشن کارڈس کے ذریعہ ریاست کے 38,67,265 افراد کو پہلی مرتبہ مفت راشن کی سہولت حاصل ہوئی ہے ۔ نئے راشن کارڈس کے علاوہ شادیوں ، بچوں کی پیدائش اور دیگر وجوہات کی بنا پر پہلے سے موجود راشن کارڈس میں بھی بڑے پیمانے پر نام شامل کئے گئے ہیں ۔ اعداد و شمار کے مطابق موجودہ کارڈس میں 19,81,409 نئے ناموں کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ اس طرح نئے کارڈس اور پرانے کارڈس میں شامل کئے گئے ناموں کو ملا کر مستفید ہونے والے نئے افراد کی تعداد 58 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ جس کے بعد ریاست میں راشن کارڈس ہولڈرس کی جملہ تعداد اب 3.39 کروڑ تک پہونچ چکی ہے ۔ حکومت کی جانب سے ہر مستحق فرد کو ماہانہ 6 کلو چاول بالکل مفت فراہم کئے جارہے ہیں ۔ مردم شماری کے پہلے مرحلے کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق تلنگانہ کی جملہ آبادی اب 4.20 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے ۔ اس آبادی کے تناسب سے دیکھا جائے تو ریاست کی 80.95 فیصد آبادی اس وقت سرکاری راشن اسکیم سے براہ راست مستفید ہورہی ہے ۔ جو کہ غذائی تحفظ کے شعبے میں ایک اہم ترین سنگ میل ہے ۔۔2/m/b