تلنگانہ میں 17 تا 25 ستمبر شدید بارش کا امکان

   

حیدرآباد۔16۔ستمبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ میں دو یوم رہنے والی گرمی ’پریشر کوکر‘ تھیوری کے طور پر دیکھی جانے لگی ہے اور کہا جارہاہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران انتہائی موسلادھار بارش کا امکان ہے اور ماہرین کا کہناہے کہ 17 تا25 ستمبر کے دوران ہونے والی بارشیں درحقیقت مانسون کی سب سے زیادہ تیز اور موسلادھار بارشیں ثابت ہوسکتی ہیں۔تلنگانہ میں گذشتہ 4یوم کے دوران ہونے والی بارش کے سبب یکم جون سے اب تک ریکارڈ کئے جانے والے مجموعی خسارہ میں 6فیصد تک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ریاست میں 12 ستمبر سے قبل مجموعی بارش کا خسارہ 25 فیصد ریکارڈ کیا جارہا تھا لیکن 12تا14 ستمبر کے دوران ہوئی بارش کے بعد یہ خسارہ 19 فیصد رہ گیا ہے ۔ اسی طرح شہر حیدرآباد میں ریکارڈ کئے جا رہے مجموعی خسارہ 28 فیصد میں گراوٹ کے بعد اب یہ خسارہ 21 فیصد رہ گیا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں ہونے والی بارش کے بعد 7 فیصد خسارہ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے فراہم کی جانے والی تفصیلات کے مطابق یکم جون تا 14ستمبر کے دوران ریاست تلنگانہ میں سال گذشتہ 664.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی اور جاریہ سال کے دوران 536.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس طرح ریاست میں مجموعی طور پر 19 فیصد خسارہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔شہر حیدرآباد میں سال گذشتہ اسی مدت کے دوران 540.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی لیکن جاریہ سال 429.4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔3
اس طرح شہر حیدرآباد میں 21 فیصد بارش کا خسارہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق 17تا25 ستمبر کے دوران ہونے والی امکانی بارشوں کے دوران بارش کے خسارہ میں مزید کمی ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے اور کہا جارہاہے کہ ریاست میں ختم ستمبر تک 600تا640ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے جبکہ شہر حیدرآباد میں 530تا560 ملی میٹر بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ 3