13,030 کروڑ روپئے کے اخراجات ۔ بیشتر پراجیکٹس مکمل ۔ کچھ پر کام جاری
حیدرآباد 26 جون ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں 2014کے بعد سے 13,030 کروڑ روپئے کے صرفہ سے 7360 کیلومیٹر تک سڑکوں کی تعمیر یا توسیع کی گئی ہے ۔ محکمہ عمارات و شوارع کے تحت تلنگانہ میں جملہ 32,445 کیلومیٹر کی سڑکیں ہیں جن کے تحت 27,461 کیلومیٹر ریاستی شاہراہیں اور 4,983 کیلومیٹر قومی شاہراہیں ہیں جو ریاست سے گذرتی ہیں۔ حکومت کے ایک پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2682 کیلومیٹر طویل سڑکیں نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے تحت ترقی دی جا رہی ہیں جبکہ 2301 کیلومیٹر ریاستی اور آر اینڈ بی نیشنل ہائی وے کنٹرول کے تحت ترقی دی جا رہی ہیں۔ 2014 میں تشکیل تلنگانہ کے وقت ریاست میں آر اینڈ بی کے تحت صرف 24,245 کیلومیٹر کی سڑکیں تھیں۔ صرف 27.9 فیصد سڑکیں دو لین والی تھیں۔ آج ریاستی ہائی ویز کو بہتر ب نانے کے بجٹ سے 13740 کیلومیٹر سڑکوں پر 4118 کروڑ روپئے کے صرفہ سے کام کیا گیا ہے ۔ 8621 کیلومیٹر کے کام 2141 کروڑ کے خرچ سے مکمل کرلئے گئے ہیں۔ تلنگانہ میں گذشتہ آٹھ برسوں میں دو لین والی سڑکوں کی لمبائی دوگنی ہوگئی ہے جبکہ چار لین والی سڑکوں میں 54 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ مزید 553 کیلومیٹر فاصلہ کے 22 پراجیکٹس 4586 کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ ان میں منچریال میں دریائے گوداوری پر ایک برج کی تعمیر ‘ عنبرپیٹ میں ایک فلائی اوور کی تعمیر ‘ اپل میں ایک ایلیویٹیڈ کاریڈار اور آرام گڑھ تا شمس آباد چھ لین سڑک کی توسیع کے کام شامل ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے 519 برجس کی تعمیر جدید یا ان کی توسیع بھی حکومت کی جانب سے 2650 کروڑ روپئے سے کی گئی ہے ۔ ان میں 391 برجس کی تعمیر 1405 کروڑ روپئے کے صرفہ سے پوری ہوچکی ہے ۔ مابقی 125 کام ہنوز جاری ہیں۔