تلنگانہ میں 810 ایم بی بی ایس نشستوں کا اضافہ

   

حیدرآباد : /16 جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھنے والے طلبہ کیلئے نیشنل میڈیکل کمیشن نے بڑا تحفہ دیا ہے ۔ تعلیمی سال 2026-27 ء کیلئے ریاست بھر میں 810 ایم بی بی ایس نشستوں کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ریاست میں میڈیکل نشستوں کی کل تعداد گزشتہ سال کی 8,840 سے بڑھ کر اب 9650 ہوگئی ہیں ۔ اضافہ شدہ (810) نشستوں میں سے 110 سرکاری میڈیکل کالجس میں ، خانگی کالجس میں 600 اور 100 نشستیں ڈیمڈ یونیورسٹیز میں دستیاب ہوں گی ۔ یہ تمام نشستیں اسی سال نیٹ (NEET-UG) کونسلنگ کے ذریعہ پر کی جائیں گی ۔ اس تعلیمی سال سے ایک نئے میڈیکل کالج راج راجیشوری انسٹی ٹیوٹ (ویمنس کالج) کو این ایم سی سے منظوری حاصل ہوئی جس میں 150 نشستیں مختص کی گئی ہیں ۔ سرکاری کالجوں میں (RIMS) میں 30 اور محبوب نگر گورنمنٹ میڈیکل کالج میں 25 نشستوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ خانگی کالجس میں مہیشور ، ایم این آر اور شاداں میڈیکل کالجس میں 100 ‘100 نشستیں جبکہ بھاسکر ، متما اکیڈیمی اور ایس وی ایس میں 50‘50 نشستیں بڑھائی گئی ہیں ۔ ڈیمڈ یونیورسٹی ، ملا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں50 نشستوں کااضافہ ہوا ہے ۔ اس ریکارڈ تعداد میں ایم بی بی ایس کی نشستوں میں اضافہ سے تلنگانہ کے مقامی طلبہ کیلئے مسابقت آسان ہوجائے گی اور نیٹ کے ذریعہ سرکاری و خانگی کالجس میں داخلہ حاصل کرنے کے امکانات کافی حد تک بڑھ جائیں گے ۔ 2/y