جی ایچ ایم سی سے بورڈ کو 70 کرو ڑ اور درگاہ نور ی شاہ کی اراضی سے 40 کروڑ وصول طلب
محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔ 5۔جنوری۔تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی آمدنی میں گذشتہ 10 ماہ کے دوران دوگنا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے جو کہ ریاستی وقف بورڈ کی کارکردگی میں بہتری کی علامت ہے اور وقف امور کو اگر مزید بہتر بنایا جاتا ہے تو جاریہ مالی سال کے اختتام تک تلنگانہ ریاستی وقف کو وصول طلب کروڑہا روپئے حاصل ہوسکتے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی کے جائزہ لینے کے 10 ماہ کی تکمیل کے بعد اگر وقف بورڈ کی آمدنی کا جائزہ لیا جائے تو اس بات کا انکشاف ہوتا ہے کہ اس مدت کے دوران وقف بورڈ کی مجموعی آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے جبکہ درگاہوں کی ہنڈی اور دیگر امور کے ہراج سے ہونے والی آمدنی دوگنی ہوچکی ہے۔ریاست میں موجود درگاہوں کے امور کے ہراج سے وقف بورڈ کو ہونے والی آمدنی فروری 2023تاڈسمبر 2023 کے دوران 12کروڑ 77لاکھ 39 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ جنوری 2023 سے جنوری 2024کے درمیان یہ آمدنی محض 6کروڑ 56لاکھ 72ہزار ریکارڈ کی گئی تھی ۔ اسی طرح مختلف درگاہوں میں موجود ہنڈیوں کے ہراج سے ہونے والی آمدنی جو کہ جنوری 2023 تا جنوری 2024 کے دوران 89لاکھ 43ہزا ر607ریکارڈ کی گئی تھی لیکن ماہ فروری 2024تا ڈسمبر2024 کے دوران یہ آمدنی 92لاکھ 82ہزار ریکارڈ کی گئی ہے۔وقف بورڈ کو کرایہ کے ذریعہ ہونے والی آمدنی جو کہ جنوری2023 تا2024 کے دوران6کروڑ91لاکھ 76 ہزار ریکارڈ کی گئی تھی وہ گذشتہ 10 ماہ کے دوران 5کروڑ24لاکھ 79ہزار ریکارڈ کی گئی ہے۔بورڈ کی جانب سے بینک میں جمع کئے گئے فکسڈ ڈپازٹ سے گذشتہ 10ماہ کے دوران 1کروڑ 14لاکھ کی آمدنی ہوئی ہے جبکہ جنوری2023تا2024 کے دوران یہ آمدنی 1کروڑ4لاکھ 69 ہزار ریکارڈ کی گئی تھی ۔کاشتکاری کے لئے سالانہ کے اساس پر دی جانے والی اراضیات سے بورڈ کو مجموعی طور پر 10 ماہ کے دوران 23 لاکھ کی آمدنی ہوئی ہے جبکہ سال گذشتہ یہ آمدنی 19لاکھ ریکارڈ کی گئی تھی ۔حکومت تلنگانہ بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کو حصول اراضیات کے جملہ 396 کروڑ کے بقایا جات وصول طلب ہیں جبکہ سڑکوں کی توسیع اور دیگر امور میں حاصل کی جانے والی اراضیات کے 70 کروڑ روپئے وصول طلب ہیں جس میں درگاہ حضرت نوری شاہ ؒ بندلہ گوڑہ کی اراضی جو حاصل کی گئی ہے اس کے 40 کروڑ وصول طلب ہیں۔صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈجناب سید عظمت اللہ حسینی کی جانب سے اگر ان وصول طلب رقومات کے حصول کے لئے کوششوں کا آغاز کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں وقف کی آمدنی میں مجموعی طور پر مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ تلنگانہ وقف بورڈ کے تحت چلائے جانے والے شعبۂ قضائت کے ذریعہ بورڈ کو 10 ماہ کے دوران 2کروڑ 54لاکھ کی آمدنی حاصل ہوئی ہے ۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایاکہ 10 ماہ کے دوران آئمہ و مؤذنین کو جنہیں ماہانہ مشاہرہ ادا کیا جاتا ہے ان کی تعداد میں1445 کا اضافہ کیاگیا ہے اور اب جومشاہرہ ادا کیا جا رہاہے ان آئمہ و مؤذنین کی جملہ تعداد 15647 تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے علاوہ وقف فنڈ کی وصولی میں بھی گذشتہ 10 ماہ کے دوران اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔3