3.5 مربع فیٹ پر 276 کروڑ روپئے کے خرچ سے تعمیر ۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا ٹوئیٹ
حیدرآباد ۔ 26 جون ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ٹی ہب نئے مرکز کا 28 جون منگل کو افتتاح کرینگے ۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعہ یہ اطلاع دی ۔ کے ٹی راما راؤ نے ٹوئیٹ میں ٹی ہب کے نئے مرکز کی تصویر بھی پیش کی اور کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر ٹی ہب کے نئے مرکز کا 28 جون کو افتتاح کرینگے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کے ذریعہ حیدرآباد کے اختراعی ایکو سسٹم کو تقویت حاصل ہوگی ۔ کے ٹی آر نے اس ٹوئیٹ میں سابق امریکی صدر ابراہم لنکن کے ایک قول کو نقل کیا اور کہا کہ اپنے مستقبل کی پیش قیاسی کا بہتر طریقہ یہی ہے کہ خود اپنا مستقبل بنائیں۔ کہا گیا کہ ٹی ہب کا نیا مراکز 3.5 لاکھ مربع فیٹ پر مشتمل ہے اور امکان ہے کہ یہ ہندوستان کا سب سے بڑا پروٹو ٹائپ مرکز ہوگا ۔ اس کو 276 کروڑ کے اخراجات سے تعمیر کیا گیا اور اس میں زائد از 1500 اسٹارٹ اپس کام کریں گے۔ ٹی ہب کے قیام کو حکومت تلنگانہ کی مدد حاصل رہی ہے اور اس نے اب تک 1120 اسٹارٹ اپس کی مدد کی ہے جس کے ذریعہ 1,800 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی ۔ کہا جا رہا ہے کہ ٹی ہب کے ذریعہ 2500 افراد کو ملازمت حاصل ہوئی ہے ۔ ٹی ہب در اصل حکومت تلنگانہ کے علاوہ تین تعلیمی اداروں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹکنالوجی ‘ انڈین اسکول آف بزنس اور نیشنل اکیڈیمی آف لیگل اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے اشتراک کا نتیجہ ہے ۔ اس کے علاوہ ایک خانگی پارٹنر بھی شامل ہے ۔ ٹی ہب میں دفاتر اور میٹنگ کیلئے جگہ کرایہ پر دستیاب ہے ۔ اسکے علاوہ مینٹرس اور سرمایہ کاروں سے رابطوں کے مواقع دستیاب ہوتے ہیں اور ٹکنالوجی شعبہ کی اسٹارٹ اپ کمپنیاں استفادہ کرسکتی ہیں۔ حکومت کی جانب سے ٹی ہب کے اس نئے مرکز کی تعمیر پر خاص توجہ دی جا رہی تھی ۔