حیدرآباد۔5۔جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی‘ وزیر کیپٹن اتم کمار ریڈی ‘ چیف سیکریٹری تلنگانہ محترمہ شانتی کماری کے علاوہ دیگر آئی اے ایس عہدیداروں نے آج صدرنشین یونین پبلک سروس کمیشن مسٹر منوج سونی سے ملاقات کرتے ہوئے یوپی ایس سی کے طریقہ کار اور امتحانات کے انعقاد کے علاوہ دیگر امور کے متعلق آگہی حاصل کی۔ ریونت ریڈی نے انتخابات میں کامیابی سے قبل اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ اقتدار حاصل کرنے کی صورت میں تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کو شفاف ادارہ میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کریں گے اور ٹی ایس پی ایس سی کے ذریعہ منعقد ہونے والے امتحانات کو معیاری بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے آج صدرنشین یو پی ایس سی سے ملاقات کے دوران سروس کمیشن کے طرز کارکردگی اور دیگر امور کا مطالعہ کیا ۔ صدرنشین یو پی ایس سی سے ملاقات کرنے والے وفد میں وہ آئی اے ایس عہدیدار بھی شامل تھے جو کیرالہ میں پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کے مطالعاتی دورہ پر روانہ ہوئے تھے ۔ حکومت کی جانب سے پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے علاوہ اسے صاف و شفاف بنانے کے اقدامات کے طور پر کی جانے والی کاروائیوں سے قبل ہی صدرنشین پبلک سروس کمیشن کے علاوہ دیگر اراکین نے گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے اور فی الحال ریاست میں ٹی ایس پی ایس سی موجود نہیں ہے اور صدرنشین کے استعفیٰ پر تعطل کے خاتمہ کے بعد ہی حکومت کی جانب سے پبلک سروس کمیشن کی تشکیل جدید عمل میں لائی جائے گی۔3