تلنگانہ پولیس موثر پولیسنگ کے ماڈل کی طرف گامزن

   

شکایت کنندوں کے ساتھ شائستہ برتاؤ ، ڈی جی پی سی وی آنند کا وے ٹو نیوز کانکلیو سے خطاب
حیدرآباد 15 مئی (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند نے کہا کہ تلنگانہ پولیس ’’موثر پولیسنگ‘‘ کے ماڈل کی طرف بڑھے گی جس میں پولیس کا رویہ ایک طرف مضبوط اور دوسری طرف عوام دوست ہوگا۔ انہوں نے وے ٹو نیوز کانکلیو2026 سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ پولیس اسٹیشن آنے والے شکایت کنندگان کے ساتھ شائستہ برتاؤ کرنا موثر پولیسنگ کا لازمی جزو ہے، اور دوستانہ انداز اسی حکمت عمل کا حصہ ہے۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ ریاست میں منشیات کے خلاف کڑی جنگ جاری ہے اور مقصد منشیات کے استعمال کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے تقاضوں کے ساتھ محکمہ پولیس روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر نئے چیالنجس جیسے منشیات، سائبر کرائم اور سڑکوں کی حفاظت سے نمٹنے کے لئے خود کو جامع طور پر تیار کر رہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی پی نے اعلان کیا کہ ہر اسکول، کالج اور یونیورسٹی میں اینٹی ڈرگ کمیٹیاں (سیفٹی کلب) قائم کرنا ممکنہ طور پر لازمی کیا جائے گا۔ داخلوں کے وقت طلبہ اور والدین سے حلف نامہ لینا لازمی کیا جا سکتا ہے اور اگر ادارے کیمپس پر ایسی وارداتوں میں ملوث ہوئے تو انہیں جوابدہ بنایا جائے گا۔پولیس پہلے سے ہی پان شاپس کی نگرانی اور تفتیش کررہی ہے اور تمام کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس سلسلہ میں کارروائی تیز کریں۔ پولیس عہدیداروں کی صحت کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داریوں میں قرار دیتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ بہت سے ملازمین پولیس روزانہ 16گھنٹے سے زیادہ کام کرتے ہیں۔ حیدرآباد کے پولیس کمشنر کی میعاد کے دوران انہوں نے ’’فٹ کاپ‘‘ پروگرام شروع کیا تھا جس کے تحت تقریباً 20,000 ملازمین پولیس کی صحت کا پروفائل تیار کیا گیا تھا۔ اب وہ اسی طرز کی مہم ریاست سطح پر ایک مخصوص ایپ اور ٹیکنالوجی کے ذریعے لاگو کریں گے تاکہ تقریباً 75,000 ملازمین کی صحت مسلسل مانیٹر کی جا سکے۔ ڈی جی پی نے سڑک حادثات میں اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں سالانہ تقریباً 7,500 افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوجاتے ہیں جبکہ پورے ملک میں یہ تعداد تقریباً 1.75 لاکھ ہے۔ ڈی جی پی نے اس بات پر زور دیا کہ سیٹ بیلٹ محض فرنٹ سیٹ مسافروں کے لئے نہیں بلکہ پچھلی نشستوں پر بیٹھنے والوں کے لئے بھی لازمی ہونا چاہئے کیونکہ پچھلی نشستوں کے مسافروں میں بھی اموات کی شرح نمایاں ہے۔ انہوں نے یونین میں جنکشنس پر لگائے جانے والے یوٹرنز کے بارے میں کہا کہ یہ سائنسی مطالعے کے بعد ٹریفک کے بہاؤ بہتر کرنے کے لئے متعارف کروائے جاتے ہیں البتہ عوامی رائے کے مطابق غیر ضروری یوٹرنز کا جائزہ لیا جائے گا۔ محکمہ پولیس میں خواتین کے بااختیار بنانے پر بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے یاد دلایا کہ حیدرآباد پولیس کی 174 سالہ تاریخ میں ان کے دور کار سے قبل کبھی خاتون لا اینڈ آرڈر ایس ایچ او مقرر نہیں کی گئی تھی لہٰذا انہوں نے اپنے دور کمشنری کے دور میں انسپکٹر مدھولتا کو لالہ گوڑہ پولیس اسٹیشن کا ایس ایچ او مقرر کیا تھا۔ ب/ V
دفتر سیاست میں نیٹ ماڈل ٹسٹ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( راست ) : نیٹ 2026 کی منسوخی کے بعد دوبارہ نیٹ امتحان رکھا جارہا ہے ۔ اس ضمن میں دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر بروز اتوار صبح 11 تا 2 بجے دن ماڈل ٹسٹ سیریز کے تحت چار الگ الگ اداروں کے ماہرین کے تیار کردہ سوالی پرچے مہیا کریں گے ۔
امیدواروں کو ایک موقع پر کہ وہ کس مضمون میں کمزور تھا ۔ ٹائم مینجمنٹ اور امتحانی ماحول کے ساتھ تیاری کریں ۔۔