تلنگانہ کابینہ میں توسیع کا ہائی کمان جلد فیصلہ کرے گا: مہیش کمار گوڑ

   

مسلم وزیر کی شمولیت یقینی، کابینہ میں مزید دو بی سی ارکان کی شمولیت کی سفارش
حیدرآباد۔/3 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریاستی کابینہ کی توسیع کے معاملہ میں بعض دشواریاں تھیں جنہیں جلد ہی دور کرلیا جائے گا اور ہائی کمان جلد کابینہ میں توسیع کو منظوری دے گا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کابینہ میں 6 وزارتی نشستیں مخلوعہ ہیں جن کیلئے کئی دعویدار ہیں، ان حالات میں کابینہ میں توسیع میں بعض دشواریاں ہیں جنہیں جلد ختم کرتے ہوئے ہائی کمان توسیع کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت میں توسیع کے بارے میں ہائی کمان نے اہم قائدین سے انفرادی اور اجتماعی طور پر رائے حاصل کی ہے۔ گذشتہ ہفتہ ہائی کمان کی تلنگانہ قائدین سے ملاقات کے بعد پیش قیاسی کی جارہی تھی کہ 3 یا 4 اپریل کو کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے وضاحت کی کہ پارٹی کی جانب سے کسی بھی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا اور میڈیا کے گوشوں میں امکانی تواریخ کی پیش قیاسی کی گئی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ موجودہ کابینہ میں بی سی وزراء کی تعداد دو ہے اور انہوں نے مزید دو کی شمولیت کی سفارش کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ آئندہ توسیع میں مسلم اقلیت کی نمائندگی یقینی رہے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ سماجی انصاف کو پیش نظر رکھتے ہوئے کابینہ میں نمائندگی دی جائے گی۔ واضح رہے کہ کابینہ میں مسلم نمائندگی کی شمولیت سے متعلق مہیش کمار گوڑ کے بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں امکانی وزیر کے نام کے بارے میں پیش قیاسیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ کانگریس پارٹی میں جناب عامر علی خاں واحد مسلم نمائندہ ہیں جو تلنگانہ قانون ساز کونسل سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ اسمبلی میں کانگریس کی مسلم نمائندگی نہیں ہے۔ ایسے میں جناب عامر علی خاں کی کابینہ میں شمولیت یقینی بتائی جارہی ہے۔ ابتداء میں کہا جارہا تھا کہ 6 میں سے 4 نشستوں کو پُر کیا جائے گا لیکن مختلف طبقات کی جانب سے دباؤ کے بعد ہائی کمان تمام 6 وزارتی نشستوں کو پُر کرنے پر غور کررہا ہے۔1