تلنگانہ کی دیہی ترقی ملک میں مثالی

   

پداپلی میں سرپنچوں کو توصیفی اسناد کی حوالگی ، ریاستی وزیر کے ایشور کا خطاب

پداپلی۔ 26/ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ریاستی وزیر برائے محکمہ بہبود کپولا ایشور نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی دیہی ترقی میں ملک کے لیے مثالی ہے ، ہماری ریاست میں دیہی ترقی (پلے پرگتی) پروگرام کے تحت مواضعات کی ترقی کے ذریعہ تلنگانہ کو قومی اعزازات مل رہے ہیں۔ بروز ہفتہ ریاستی وزیر بہبود کپولاایشور نے ضلع کلکٹر ڈاکٹر ایس سنگیتا ستیہ نارائنا، رکن اسمبلی پداپلی داسری منوہر ریڈی کے ہمراہ پداپلی مربوط ضلع کلکٹریٹ کے اسمبلی ہال میں دین دیال اپادھیائے ستت پنچایت وکاس ایوارڈ کے تحت 9 زمروں میں منتخبہ پنچایتوں کیلئے قومی پنچایت ایوارڈ تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر بہبود نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی کے مقصد سے وزیر اعلیٰ کے سی آر کی جانب سے متعارف کردہ دیہی ترقیاتی پروگرام عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کی مشترکہ کوششوں سے کامیاب رہا ، ان ترقیاتی پروگراموں کی وجہ سے ریاست کے دیہی علاقوں کی شکل پوری طرح سے بدل گئی ہے۔ پلے پرگتی پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کے اقدامات کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہی۔وزیر موصوف نے کہا کہ مرکزی حکومت نے قومی سطح پر 20 بہترین گرام پنچایتوں کا اعلان کیا, جن میں 19 گرام پنچایتیں ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھتی ہیں جوکہ تلنگانہ ریاست کے لئے قابل فخر ہے۔. انھوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی حکومت کے ذریعہ نافذ کئے گئے مختلف فلاحی اور ترقیاتی پروگراموں کے نفاذ میں پداپلی اور جگتیال اضلاع ریاست میں ٹاپ 3 میں موجود ہیں. جس کی بنیادی وجہ عہدیداران اور عوامی نمائندوں کی آپسی ہم آہنگی سے کوشش ہے. اسی جذبہ کو جاری رکھنے کی وزیر بہبود نے ہدایت دی. اس تقریب میں شریک رکن اسمبلی پداپلی داسری منوہر ریڈی نے مرکزی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 9 زمروں میں ضلعی سطح پر قومی ایوارڈس حاصل کرنے والے پنچایتوں سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو تمام مواضعات کی ترقی کے لئے کوشاں رہنے کی ہدایت دی. اس پروگرام میں شریک ضلع کلکٹر ڈاکٹر ایس. سنگیتا ستیہ نارائنا نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تجویز کردہ 9 زمروں میں سے ہر زمرہ کے لئے تین بہترین مواضعات کا انتخاب کرتے ہوئے,جملہ 27 پنچایتوں کو ضلعی سطح کے قومی پنچایت ایوارڈس سے نوازا جارہا ہے. اس تقریب میں مجالس مقامی ایڈیشنل کلکٹر کمار دیپک، کمیشن ممبر کٹاری ریوتی، ڈسٹرکٹ لائبریری کارپوریش چیئرمین رگھوویر سنگھ، ضلع پرجا پریشد وائس چیئر پرسن رینوکا، ایم پی ڈی اوز، گاؤں کے سرپنچ، جے ڈی پی ٹی سی، متعلقہ افسران , عوامی نمائندے و دیگر نے شرکت کی۔