تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ملک کیلئے مشعل راہ

   

سنگاریڈی میں بی آر ایس قائدین کی پریس کانفرنس ، چنتا پربھاکر کو کامیاب بنانے کی اپیل

سنگاریڈی ۔17 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے اور کانگریس کے وعدوں پر کسی کو بھروسہ نہیں ہے۔ کانگریس تلنگانہ عوام سے جھوٹے وعدے کر رہی ہے۔ کرناٹک میں عوام سے کئے گئے وعدے کانگریس حکومت نے مکمل نہیں کئے ہیں ، پہلے کرناٹک میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے ۔ ان خیالات کا اظہار وی بھوپال ریڈی چیرمین فینانس کمیشن ، ایرولہ سرینیواس چیرمین ٹی ایس ایچ آئی ڈی سی و انچارج حلقہ اسمبلی سنگاریڈی اور چنتا پربھاکر امیدوار بی آر ایس پارٹی حلقہ اسمبلی سنگاریڈی نے بی آر ایس پارٹی آفیس میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ ان قائدین نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے فلاحی اسکیمات کو روشناس کروانے میں تاریخ رقم کی ہے۔ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ملک کے لیے مشعل راہ بن چکی ہے۔ تلنگانہ میں جس طرح سے عوام کو فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہنچایا گیا اس کی مثال ملک میں نہیں ملتی۔ وظائف کو 2016 روپیہ کیا گیا، ریتو بیمہ اور ریتو بندھو کے علاوہ شادی مبارک کلیانہ لکشمی، کسانوں کو مفت برقی، اقامتی اسکولس و کالجس، دلت بندھو ،بی سی بندھو اور دیگر اسکیمات پر عمل آوری کی گئی اور اسی فلاحی نظریہ کو بی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں مزید وسعت دیا ہے۔ بی آر ایس نے 9 سالہ دور میں جن اسکیمات پر عمل کیا ہے اور آئندہ بھی کریگی جبکہ کانگریس نے ملک میں 70 سال حکمرانی کی ہے لیکن عوام کے لیے کچھ نھیں کیا جس کی وجہ سے کانگریس پارٹی عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے اور 6 نہیں 60 وعدے بھی کرلے تو کوئی یقین نہیں کریگا۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے بی آر ایس امیدوار چنتا پربھاکر گزشتہ پانچ سال سے عوام کے درمیان میں رہ کر ان کے مسائل کی یکسوئی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ چنتا پربھاکر سے فون پر کام لیا جاسکتا ہے وہ ہمیشہ عوام کے لیے دستیاب رہتے ہیں۔ حلقہ سنگاریڈی کی عوام ان کو بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب کریگی۔ چنتا پربھاکر کی کامیابی یقینی ہے۔ اس موقع پر محمد لیاقت علی، شیخ امجد، شیخ رشید، ایم اے واجد، محمد عظیم، محمد ارشد اور دیگر موجود تھے۔