تلنگانہ کی لڑکی کی دہلی میں عاشق نے عصمت دری کی

   

حیدرآباد 7 جنوری ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی لڑکی کی اس کے عاشق نے دہلی میں عصمت دری کی اور پھر اس کو گھر واپس چھوڑ کر فرار ہوگیا۔اس واقعہ کے بعد لڑکی سکتہ سے دوچار ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق ضلع ورنگل کے ہنمکنڈہ کی رہنے والی لڑکی کیتھولک چرچ سکندرآباد میں کام کرتی تھی۔اس کی دوستی ورنگل کی لیبر کالونی کے رہنے والے پی سندیپ سے ہوگئی جو بعد ازاں محبت میں تبدیل ہوگئی۔18دسمبر کو یہ لڑکی اپنے دیگر اسٹاف ارکان کے ساتھ دہلی گئی تھی۔جب سندیپ کو یہ معلوم ہوا کہ وہ قومی دارالحکومت جارہی ہے تو اس نے بھی دہلی کا سفر کیا اور وہاں اس سے ملاقات کی۔سندیپ نے اس سے کہا کہ وہ دہلی کے سیاحتی مقامات اس کو دکھائے گا۔بعد ازاں سندیپ اس کو ہوٹل میں لے گیا اور اس کی عصمت دری کی۔اس واقعہ کے بعد سے لڑکی سکتہ سے دوچار ہوگئی۔سندیپ نے بعد ازاں اس کو آبائی مقام ورنگل کے ہنمکنڈہ میں واقع اس کے مکان میں چھوڑ دیا۔جب لڑکی کے ارکان خاندان نے اس کو دہلی کے سفر کے بارے میں پوچھا تو اس لڑکی نے عجیب وغریب حرکتیں شروع کردی جس کے بعد اس کے ارکان خاندان نے اس کی سہیلیوں کو فون کیا۔ان سہیلیوں نے بتایا کہ سندیپ نے اس کی عصمت دری کی ہے ۔اس اطلاع کے ساتھ ہی لڑکی کے ارکان خاندان نے فوری اس بات کی شکایت پولیس سے کی۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔