سرچ کمیٹیوں نے درخواستوں کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی 10 سرکاری یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے تقررات کے عمل میں تیزی پیدا ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے سرچ کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ وائس چانسلرس کے ناموں کی سفارش حاصل کی جاسکے۔ حکومت نے کئی ماہ قبل ہر یونیورسٹی کے لئے سرچ کمیٹی قائم کی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج سرچ کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوا جو توقع ہے کہ کل 4 اکتوبر کو بھی جاری رہے گا۔ پالمور، تلگو یونیورسٹی اور عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرس کے لئے آج سرچ کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ توقع ہے کہ کل جمعہ کو کاکتیہ ، جے این ٹی یو، تلنگانہ اور ستاواہنا یونیورسٹیز کے سرچ کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے۔ وائس چانسلرس کے عہدہ کیلئے موصولہ تمام درخواستوںکی جانچ کرتے ہوئے سرچ کمیٹی اہلیت رکھنے والے افراد کے ناموں کی سفارش کرے گی۔ سرچ کمیٹیوںکی سفارشات کی بنیاد پر ریاستی حکومت وائس چانسلرس کے ناموں کی گورنر کو سفارش کرے گی۔ تلنگانہ میں 10 سرکاری یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کیلئے جملہ 1382 درخواستیں داخل کی گئی ہے۔ وائس چانسلرس کے عہدوں کے لیے بڑے پیمانہ پر سفارشات کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت سماجی انصاف کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام طبقات کو نمائندگی دے گی۔ 1