یکم اکٹوبر کو نئی دہلی میں پیش کشی، عہدیداروں اور ملازمین کو کے ٹی آر کی مبارکباد
حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راماراؤ نے کہا کہ تلنگانہ کو ملک بھر میں سوچھ سرویکشن ایوارڈ 2022 کے تحت 16 شہری مجالس مقامی کو اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک سال میں 16 مجالس مقامی کو ایوارڈ کا حصول تلنگانہ میں بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے اور یکم اکٹوبر سے نئی دہلی میں یہ ایوارڈ پیش کئے جائیں گے۔ کے ٹی راما راؤ نے میونسپلٹیز اور شہری مجالس مقامی کے عہدیداروں اور ملازمین کو بہتر کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی رہنمائی میں شہری اور دیہی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ شہروں کے علاوہ ٹاؤنس کی ترقی کیلئے پٹنا پرگتی پروگرام شروع کیا گیا اور حکومت نے نیا بلدی قانون وضع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہروں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ریاست کو مسلسل کئی برسوں سے ایوارڈز حاصل ہورہے ہیں۔ سوچھ سرویکشن ایوارڈ کے ذریعہ تلنگانہ نے ملک کو نیا راستہ دکھایا ہے۔ مرکزی وزارت ہاوزنگ اور شہری ترقی کی جانب سے ملک بھر کی میونسپلٹیز اور مجالس مقامی کا انتخاب کیا گیا۔ تلنگانہ کی جن میونسپلٹیز اور بلدیات کو ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ان میں آدی بٹلہ، بڑنگ پیٹ، بھوت پور، چنڈور، چٹیال، گجویل، گھٹکیسر، حسن آباد، کومپلی، کورٹلہ، کتہ پلی، نریڈ چرلہ، سرسلہ، ترکایمجال، ویملواڑہ میونسپلٹیز کے علاوہ سکندرآباد کنٹونمنٹ شامل ہیں۔ر