28 مئی تا یکم جون تک بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا، محکمہ کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔25۔مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع کے علاوہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں عید الاضحی کے موقع پر انتہائی موسلادھاربارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے جو پیش قیاسی کی ہے اس کے مطابق 28 مئی سے دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف علاقوں میں انتہائی موسلادھار شدید بارش کا امکان ہے۔بتایا جاتاہے کہ مانسون کی آمد سے قبل ہونے والی بارشوں کا جو سلسلہ شروع ہوگا وہ 28 مئی تا یکم جون جاری رہنے کا امکان ہے۔بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں عید الاضحی کے موقع پر شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ تین یوم تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں ریکارڈ کی جانے والی نمایاں کمی کے نتیجہ میں 28 مئی کو دن سے ہی مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور شام کے اوقات میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے جو پیش قیاسی کی ہے اس کے مطابق مانسون کی آمد سے قبل موسم خوشگوار ہونے کا سلسلہ مانسون کی آمد سے چند یوم پہلے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق اگر بارش موسلادھار ہوتی ہے تو ایسی صورت میں گرمی سے راحت حاصل ہونے کا امکان ہے اور اگر ہلکی بارش ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ریاست بھر میں رطوبت میں اضافہ کا خدشہ ہے ۔رطوبت میں اضافہ ریکارڈکئے جانے کی صورت میں درجہ حرارت معمول کے مطابق رہے گالیکن گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی لیکن گرمی کی شدت سے فوری کوئی راحت کا امکان نہیںہے۔3/m/b