حیدرآباد 19 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے دو ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس (ڈی ای اوز) آئی وجیہ کماری اور ڈی رادھا کشن کو بہتر تعلیمی نظم اور اختراعات کرنے پر قومی ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں۔ یہ دونوں ڈی ای اوز 23 مارچ کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندرا پردھان سے یہ ایوارڈ حاصل کریں گے۔ میڑچل کی ڈی ای او وجیہ کماری نے اختراعی انداز اختیار کرتے ہوئے https:/medchalbadi.com پر ویڈیو اسباق پیش کئے جس سے کوویڈ وباء کے دوران جب اسکولس بند تھے تو طلبہ کو ان کی تعلیم جاری رکھنے میں مدد ہوئی۔ ایک آئی ٹی کمپنی کی مدد سے انھوں نے گورنمنٹ اسکول ٹیچرس کو ٹکنیکل ٹریننگ دی جنھوں نے تلگو، انگلش اور اردو میڈیمس میں کلاس I تا X ویڈیو اسباق تیار کئے اور انھیں ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا۔ اس سے کوویڈ کے دوران کوئی 6.5 لاکھ طلبہ کو فائدہ ہوا۔ سرسلہ ڈسٹرکٹ میں بحیثیت ڈی ای او، سی ایس آر اقدامات کے تحت انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اور گورنمنٹ اسکولس میں طلبہ کی تعداد کو بڑھانے میں ان کی کاوشوں کے لئے ڈی رادھا کشن کو قومی ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ رادھا کشن نے جو اب میدک ڈی ای او ہیں کہاکہ وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ، این جی اوز اور سی ایس آر کی مدد سے میں نے سرسلہ میں گورنمنٹ اسکولس میں اضافی کلاس رومس کی تعمیر اور بنچس کے انتظامات جیسے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے کام کئے۔