تلنگانہ کے سی آر کی جاگیر اور ملازمین ان کے غلام نہیں: ریونت ریڈی

,

   

چیف منسٹر کو خاندان کی بیروزگاری ختم کرنے کی فکر،حکومت کے فیصلوں سے آر ٹی سی کو نقصان
حیدرآباد۔7 ۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے سی آر کی جاگیر نہیں ہے اور سرکاری ملازمین ان کے غلام نہیں ۔ چیف منسٹر کو بیک وقت تقریباً 50,000 آر ٹی سی ملازمین کو برطرف کرنے کا کوئی حق نہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ مطالبات کے لئے ہڑتال کرنے پر آر ٹی سی ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ ڈکٹیٹرشپ کو ظاہر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی وقت میں ہزاروں خاندانوں کو مشکلات سے دوچار کرنا غیر انسانی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ملازمین کی برطرفی کے وقت اپنے خاندان کے افراد کو سیاسی طور پر بازآبادکار کرنے کا جائزہ نہیں لیا۔ 6 ماہ تک ارکان خاندان سیاسی بیروزگاری سے بے چین ہوگئے تھے اور کے سی آر کو اپنی وزارت میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو شامل کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان خاندان کی سیاسی بیروزگاری ختم کرنے میں کے سی آر کو زیادہ دلچسپی ہے لیکن اپنے حق کا مطالبہ کرنے والے آر ٹی سی ملازمین کو وہ سڑکوں پر لانا چاہتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کو قانونی قرار دیا اور کہا کہ نوٹس کے ذریعہ ہڑتال شروع کی گئی تھی۔ 35 دن تک حکومت نے مطالبات پر کوئی کارروائی نہیں کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی ناعاقبت اندیش پالیسیوں کے نتیجہ میں آر ٹی سی نقصانات سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس اور دیگر پراجکٹس میں لوٹ مچانے والے افراد اب آر ٹی سی کی طرف متوجہ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور مزدور حکومت کے خلاف متحد ہورہے ہیں اور بہت جلد کے سی آر کی نیا ڈوب جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے افراد خاندان آر ٹی سی ملازمین کے ذریعہ بغاوت کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیزل پر ٹیکس کے ذریعہ آر ٹی سی پر 700 کروڑ کا بوجھ پڑ رہا ہے۔ اگر حکومت ٹیکس میں کمی کرتی ہے تو آر ٹی سی نقصانات سے ابھرنے میں کامیاب ہوگی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی کے اسپیر پارٹس کی خریدی مخصوص کمپنیوں سے کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں 150 کروڑ روپئے کا بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو روز ہڑتال کرنے والے ملازمین کو جب برطرف کیا جاسکتا ہے تو پھر 6 سال سے سکریٹریٹ سے دور رہنے والے کے سی آر پر پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے جیل بھیجنا چاہئے ۔