معاشی مسائل درپیش، حکومت سے فنڈس کی اجرائی کے بعد پنشن جاری ہوگا
حیدرآباد ۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے کمزور معاشی موقف نے معذور افراد کو بھی پریشانیوں میں مبتلا کردیا ہے ۔ حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کیلئے بروقت تنخواہوں کے ایصال کیلئے فنڈس دستیاب نہیں ہے ، ایسے میں آسرا پنشن کے استفادہ کنندگان گزشتہ دو ماہ سے پنشن کا انتظار کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے پنشن کی اجرائی کے سلسلہ میں غیر واضح موقف پر معذورین نے احتجاج منظم کرتے ہوئے حکومت تک اپنی آواز پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ ریاست کے معذور افراد کے علاوہ بیوہ اور ضعیف خواتین اور بے سہارا خواتین بھی گزشتہ چند ماہ سے پنشن سے محروم ہیں۔ معذورین کے لئے آسرا پنشن حقیقی معنوں میں آسرا اور سہارے سے کم نہیں ہے۔ معذورین پنشن کیلئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن انہیں اطمینان بخش جواب نہیں مل سکا۔ سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے سے عاجز آکر معذورین نے احتجاج کیا ہے۔ سابق میں ہر ماہ کی آخری تاریخ کو پنشن جاری کردیا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ دو ماہ گزرنے کے باوجود عہدیداروں کا کہنا ہے
کہ فنڈس کی اجرائی کے بعد پنشن جاری ہوگا۔ راجندر نگر سے تعلق رکھنے والی معذور خاتون سیدہ بیگم کا کہنا ہے کہ عام طورپر ہر ماہ کی 5 تاریخ سے قبل پنشن جاری کیا جاتا رہا لیکن اس مرتبہ دو ماہ کی تاخیر میں معاشی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ ایک اور معذور شخص محبوب کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برسوں سے پنشن کی اجرائی میں تاخیر ہورہی ہے۔ جون سے پنشن جاری نہیں ہوا اور عہدیداروں کی جانب سے اطمینان بخش جواب نہیں مل رہا ہے ۔ معذورین کے لیڈر سید فیروز نے کہا کہ پنشن کیلئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے دفتر جانے اور عہدیداروں کو بار بار فون کرنے سے معذورین عاجز آچکے ہیں۔ عہدیدار تاخیر کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔ حکومت جب بھی فنڈس جاری کرے گی ، آسرا پنشن جاری کردیئے جائیں گے۔ ر