تلنگانہ کے منتخب عازمین کیلئے حج مصارف کی پہلی قسط ادا کرنے کی آج آخری تاریخ

   

حیدرآباد۔/14 فروری، ( سیاست نیوز) حج 2024 کیلئے تلنگانہ کے منتخب عازمین کیلئے مصارف کی پہلی قسط ادا کرنے کی آخری تاریخ 15 فروری ہے۔ حج مصارف کی پہلی قسط کے طور پر 81,800 روپئے حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے ہوں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے 7811 عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ منتخب عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر آن لائن رقم ادا کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پہلی قسط کی ادائیگی کے بعد عازمین حج 19 فروری تک پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات متعلقہ حج کمیٹی کے پاس جمع کراسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے منتخب عازمین حج سے خواہش کی ہے کہ وہ حج درخواست فارم، سیلف ڈیکلریشن، رقم کی ادائیگی سے متعلق پے سلپ، میڈیکل اسکریننگ ‘ فٹنس سرٹیفکیٹ اور انٹر نیشنل پاسپورٹ متعلقہ حج کمیٹی کے پاس جمع کرائیں۔ تلنگانہ عازمین حج کی پہلے مرحلہ میں روانگی عمل میں آئے گی اور 26 مئی تا 9 جون حیدرآباد سے عازمین حج کے قافلے مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔ 8 برسوں بعد تلنگانہ کے عازمین مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔ عام طور پر حیدرآباد سے راست جدہ روانگی عمل میں آتی رہی ہے۔ حج 2024 کے خادم الحجاج کے طور پر خدمات انجام دینے کے خواہشمند افراد بھی کل 15 فروری تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر آن لائن درخواستیں داخل کرنی ہوں گی۔1