ریاست کی سیاسی صورتحال کا جائزہ، آج محاذی تنظیموں کے قائدین سے ملاقات کریں گے
حیدرآباد۔/11جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس قائدین کے اختلافات کی یکسوئی اور پارٹی کے استحکام کیلئے ہائی کمان کی جانب سے مقرر کردہ نئے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے آج دن بھر گاندھی بھون میں پارٹی کے سینئر قائدین سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مانک راؤ ٹھاکرے دو روزہ دورہ پر آج صبح حیدرآباد پہنچے۔ ایر پورٹ پر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، وی ہنمنت راؤ، مدھو یاشکی گوڑ اور دوسروں نے استقبال کیا۔ وہاں سے مانک راؤ ٹھاکرے سیدھے گاندھی بھون پہنچے۔ انہوں نے تلنگانہ میں اے آئی سی سی کے سکریٹریز بوس راجو، ندیم جاوید اور روہت چودھری کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پارٹی کے امور کا جائزہ لیا۔ بوس راجو طویل عرصہ سے اے آئی سی سی سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ ندیم جاوید اور روہت چودھری کا حال ہی میں تقررکیا گیا۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے گاندھی بھون میں سابق وزیر اعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے۔ ملاقاتوں کا آغاز صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے ساتھ ہوا۔ دونوں قائدین کے درمیان نصف گھنٹہ سے زائد تک مختلف امور پر بات چیت رہی۔ ان کے بعد سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا سے مانک راؤ ٹھاکرے نے تلنگانہ اور پارٹی کی صورتحال پر بات چیت کی۔ ٹھاکرے سے ملاقات کرنے والے دیگر قائدین میں محمد اظہر الدین، محمد علی شبیر، مدھو یاشکی گوڑ، پونالہ لکشمیا، ڈی سریدھر بابو، سدرشن ریڈی، کے جانا ریڈی، کونڈہ سریکھا، مہیشور ریڈی، دامودھر راج نرسمہا، مہیش کمار گوڑ، ڈاکٹر جی چنا ریڈی، وی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین شامل ہیں۔ شام میں مانک راؤ ٹھاکرے نے پولٹیکل افیرس کمیٹی اور کیمپین کمیٹی کے ارکان سے بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹھاکرے نے قائدین کو اے آئی سی سی کے پیام سے واقف کرایا اور کہا کہ متحدہ مساعی کے ذریعہ تلنگانہ میں اقتدار حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے قائدین کو اختلافات ختم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کمان نے ریونت ریڈی کو صدارت کی ذمہ داری دی ہے اور تمام قائدین کی ذمہ داری ہے کہ ان سے مکمل تعاون کریں۔ مانک راؤ ٹھاکرے کل 12 جنوری کو گاندھی بھون میں محاذی تنظیموں اور مختلف سیلس کے سربراہوں سے ملاقات کریں گے۔ وہ بعض سینئر قائدین سے ملاقات بھی کرسکتے ہیں۔ شام میں وہ نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔ مانک راؤ کی گاندھی بھون میں آمد کے موقع پر کارکنوں نے پرجوش استقبال کیا اور شام تک گاندھی بھون میں قائدین اور کارکنوں کی زبردست گہما گہمی دیکھی گئی۔ر