تلنگانہ کے نریش ٹین پن بولنگ چمپئن شپ میں فاتح

   

حیدرآباد، 10 اکتوبر (ایجنسیز) تلنگانہ کے نریش گوٹے نے حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی میں واقع گیم ایکسٹریم میں منعقدہ جنوبی ہند ٹین پن بولنگ ٹورنمنٹ کا خطاب جیت لیا۔ فائنل میں آٹھویں سیڈ نریش گوٹے کا مقابلہ تلنگانہ ہی کے ٹاپ سیڈ نوین سدّام سے ہوا۔ دو گیمس کے مجموعی اسکور کی بنیاد پر کھیلے گئے فائنل کے پہلے گیم میں نریش نے 180 کے مقابلے 148 پن گرا کر 32 پن کی سبقت حاصل کی۔ نوین نے دوسرے گیم میں 173 کے مقابلے 158 پن گرا کر شاندار واپسی کی کوشش کی، لیکن پہلے گیم کا فرق ختم نہ کرسکے۔ نریش نے مجموعی طور پر 338 کے مقابلے 321 پن کے فرق سے 17 پن کی سبقت کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ ان کی اس جیت کو ٹورنمنٹ میں ایک قابل ذکر کارکردگی قرار دیا جارہا ہے۔