رنگا ریڈی کے اروٹلہ میں پہلے اسکول کا افتتاح، کارپوریٹ طرز کی تعلیم اور سہولتیں، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔17 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے رنگا ریڈی ضلع کے اروٹلہ میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ تلنگانہ پبلک اسکول کا افتتاح کیا اور ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں پبلک اسکول کے قیام کا اعلان کیا۔ سرکاری سطح پر تعلیمی ترقی کیلئے حکومت نے پبلک اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کارپوریٹ اسکولس کی طرز پر تعلیمی اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ اس موقع پر رنگا ریڈی ضلع کے انچارج وزیر سریدھر بابو، حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، کونسل میں چیف وہپ مہیندر ریڈی ، رکن راجیہ سبھا وی نریندر ریڈی ، رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے واضح کیا کہ تعلیمی نظام کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے حکومت کی سطح پر پبلک اسکول کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ رنگا ریڈی ضلع کے منچال منڈل کے اروٹلہ گاؤں میں ریاست کا پہلا پبلک اسکول قائم کیا گیا جسے طلبہ کے نام معنون کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کا مستقبل شیشہ کی عمارتوں اور رنگین دیواروں سے نہیں بلکہ کلاس رومس میں پوشیدہ ہے۔ حکومت نے ایجوکیشن کمیشن کی سفارشات کے مطابق سرکاری اسکولوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اروٹلہ کا تلنگانہ پبلک اسکول صرف گاؤں یا ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقہ تک محدود نہیں ہے بلکہ ریاست کے 27 لاکھ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کیلئے ایک تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول میں اب تک 1814 طلبہ داخلہ لے چکے ہیں اور ایک سرکاری اسکول میں نو ایڈمیشن کا بورڈ آویزاں کرنا پڑا۔ چیف منسٹر نے سرکاری اسکولوں میں داخلوں میں اضافہ کی مساعی کرنے والے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں پبلک اسکول قائم کیا جائے۔ اسکولوں کے نتائج اور درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے بعد دیگر اسکولوں کے قیام کی پیشرفت کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کو ترقی دینے کا مقصد مٹی میں چھپے ہوئے ہیرے تلاش کرنا ہے۔ سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے کئی طالب علم آج اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں اور سیاست میں نمایاں ترقی کی۔ سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ بھی سرکاری اسکول کے طالب علم تھے۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ انہوں نے بھی سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کی اور چیف منسٹر کے منصب تک پہنچے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ تعلیم میں نمایاں کارکردگی کے ذریعہ والدین کا سر فخر سے بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ مستقبل میں آئی اے ایس ، آئی پی ایس اور سرکردہ سیاستداں بن سکتے ہیں۔ حکومت نے تعلیمی نظام بہتر بنانے کے لئے کئی انقلابی فیصلے کئے ہیں۔ معیاری تعلیم کے علاوہ یونیفارم اور تعلیمی کٹس سربراہ کئے جارہے ہیں۔ ذات پات کے امتیاز کو ختم کرنے کیلئے ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں۔ طلبہ کو اسکل ٹریننگ کیلئے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی قائم کی گئی اور 9 ڈسمبر کو یونیورسٹی کے مستقل کیمپس کا افتتاح عمل میں آئے گا۔1/k
اسپورٹس کی حوصلہ افزائی کیلئے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر مسی کو حیدرآباد لاکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی قائدین حکومت پر تنقید کو اپنا معمول بناچکے ہیں۔ ایسے عناصر کو عوام مستقبل میں اپوزیشن کا درجہ بھی نہیں دیں گے ۔ انہوں نے اپوزیشن قائدین کو تلنگانہ پبلک اسکول کے معائنہ کی دعوت دی۔ 1/k