تلنگانہ کے 8 اضلاع میں عنقریب میناریٹیز اسٹڈی سرکلس کا قیام

   

مسابقتی امتحانات اور روزگار پر مبنی کورسس کی ٹریننگ ، اسمبلی میں محمد اظہرالدین کا جواب

حیدرآباد۔16۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے کہا کہ حکومت اقلیتی نوجوانوں کو مسابقتی امتحانات میں کوچنگ کی فراہمی کیلئے 8 اضلاع میں اسٹڈی سرکلس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اکبرالدین اویسی اور دیگر ارکان کے سوال کے جواب میں محمد اظہرالدین نے بتایا کہ 2015 میں حیدرآباد میں میناریٹی اسٹڈی سرکل اور کیریئر کونسلنگ سنٹر قائم کیا گیا۔ عادل آباد ، کریم نگر ، ہنمکنڈہ ، محبوب نگر ، کھمم ، نلگنڈہ نظام آباد اور سنگا ریڈی میں اسٹڈی سرکلس کے قیام کی تجویز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2023-24 میں اسٹڈی سرکل کے لئے 2.50 کروڑ جاری کئے گئے جس میں 1.80 خرچ کئے گئے۔ 2024-25 میں جاری کردہ 4 کروڑ میں3.49 کروڑ خرچ کئے گئے ۔ 2025-26 میں 3 کروڑ جاری کئے گئے جس میں 2.49 کروڑ خرچ ہوئے۔ 2026-27 میں اسٹڈی سرکلس کیلئے بجٹ مختص کیا گیا اور ایک کروڑ جاری کئے گئے۔ ابھی تک محض 37000 روپئے خرچ کئے گئے۔ مجلس کے رکن کوثر محی الدین نے اسٹڈی سرکلس میں مختلف کورسس کی ٹریننگ اور بجٹ کی اجرائی کے بارے میں سوال کیا۔ بی جے پی کے پی ہریش نے کہا کہ کاغذ نگر اسمبلی حلقہ میں اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت بوائز اور گرلز کے اسکولس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اسکولوں میں ریگولر اسٹاف کی کمی ہے اور آؤٹ سورسنگ اسٹاف کے ذریعہ اسکول چلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے اسکول کے قریب واقع ڈمپنگ یارڈ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ طلبہ کو مختلف بیماریوں کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کاغذ نگر کے آئی ٹی آئی کو اڈوانسڈ ٹکنالوجی سنٹر میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود اظہرالدین نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اسٹڈی سرکل کیلئے نئی عمارت الاٹ کی ہے جس کا گزشتہ ہفتہ افتتاح عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع سے تعلق رکھنے والی طالبات کوچنگ کیلئے حیدرآباد آنے میں دشواری محسوس کر رہی ہے ، لہذا ہر ضلع میں ایک اسٹڈی سرکل قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ 8 اضلاع میں جلد ہی اسٹڈی سرکلس قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے اسٹڈی سرکل کے بجٹ میں اضافہ کا بھی تیقن دیا۔ اظہرالدین نے بتایا کہ اسٹڈی سرکل کے تحت مختلف کورسس میں 796 طلبہ کوچنگ حاصل کر رہے ہیں۔ پبلک سرویس کمیشن امتحانات کی کوچنگ میں 100 طلبہ شریک ہیں۔ پولیس کانسٹبلس کے تقررات میں 310 اور سب انسپکٹرس کی جائیدادوں کے لئے 177 امیدوار کوچنگ حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے اقامتی اسکولوں میں ریگولر اسٹاف کے تقرر کا تیقن دیا۔1/k