محکمہ قانون کا اعلامیہ جاری، ججس کی تعداد 29 ہوجائے گی
حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ رامناتھ کووند کی منظوری کے بعد تلنگانہ ہائی کورٹ کے 10 نئے ججس کے تقررات کا اعلامیہ مرکزی وزارت قانون نے جاری کردیا ہے۔ 10 نئے ججس کے تقرر سے تلنگانہ میں ججس کی تعداد بڑھ کر 29 ہوجائے گی جبکہ منظورہ تعداد 42 ہے۔ عدالت میں خاتون ججس کی تعداد بڑھ کر 8 ہوجائے گی۔ صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد جن نئے ججس کے تقررات کا وارنٹ جاری کیا گیا ان میں سینئر ایڈوکیٹس کے سریندر، ایس نندا ، ایم سدھیر کمار، جے سری دیوی، این شراون کمار شامل ہیں جبکہ جوڈیشیل آفیسرس میں جنہیں ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ان میں جی انوپماں چکرورتی، ایم گریجا پریہ درشنی، سامبا سیوا راؤ نائیڈو، اے سنتوش ریڈی اور ڈاکٹر ڈی ناگرجن شامل ہیں۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ این وی رمنا کی قیادت میں کالجیم نے تلنگانہ ہائی کورٹ کیلئے 12 ججس کے تقررات کی مرکزی حکومت کو یکم فروری کو سفارش پیش کی تھی ان میں 7 وکلاء اور 5 جوڈیشیل آفیسرس تھے۔ مرکزی حکومت نے سات میں صرف 5 وکلاء کے ناموں کو منظوری دی اور دو نام واپس کردیئے گئے۔ کالجیم کی سفارشات کے 50 دن بعد 10 ججس کے تقررات کے احکامات جاری کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق ہائی کورٹ کی جانب سے مشاورت کے بعد ججس کیلئے نئے پیانل کی سپریم کورٹ سے سفارش کی جائے گی۔ ر