نظام آباد۔ 29 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ یونیورسٹی میں شعبہ معاشیات کے اسسٹنٹ پروفیسر (سی) ڈاکٹر وی۔ دتاہری کی تصنیف ’’بینکنگ آن فارمرس‘‘ کی پروقار تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔ کتاب کی رسمِ اجرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ٹی۔ یادگیری راؤ نے رجسٹرار پروفیسر ایم۔ یادگیری کی موجودگی میں انجام دی۔وائس چانسلر پروفیسر ٹی۔ یادگیری راؤ نے کہا کہ جامعات کی حقیقی شناخت معیاری تحقیق اور علمی تصانیف سے قائم ہوتی ہے۔ اساتذہ کی جانب سے کتابوں کی تصنیف نہ صرف علمی سرمایہ میں اضافہ کرتی ہے بلکہ یونیورسٹی کے تحقیقی وقار اور تعلیمی معیار کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچاتی ہے۔ رجسٹرار پروفیسر ایم۔ یادگیری نے کہا کہ کسی بھی استاد کی تصنیف اس کی علمی بصیرت، تحقیقی صلاحیت اور فکری سرمایہ کی آئینہ دار ہوتی ہے۔ مصنف ڈاکٹر وی۔ دتاہری نے اپنی تصنیف کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کتاب میں ریاست تلنگانہ کے کسانوں کو بینکوں کی جانب سے فراہم کیے جانے والے زرعی قرضوں، زرعی بحران، مالی امداد، ترجیحی شعبہ جاتی قرضوں کی پالیسی، کمزور طبقات پر ان کے اثرات اور دیہی معیشت سے وابستہ مختلف پہلوؤں کا تحقیقی و تجزیاتی مطالعہ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس تحقیق میں ضلع نظام آباد کو ایک جامع کیس اسٹڈی کے طور پر اختیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے کسانوں کو درپیش مسائل، دیہی ترقی کے امکانات اور زرعی معیشت کی حقیقی صورتِ حال کا مدلل تجزیہ کیا گیا ہے۔تقریب میں شعبہ معاشیات کی صدر ڈاکٹر سوپنا، پروفیسر رویندر ریڈی، ڈاکٹر ناگاراجو، ڈاکٹر پننیا، ڈاکٹر سمپت، ڈاکٹر محمد عبدالقوی، ڈاکٹر سرینواس سمیت مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور فیکلٹی اراکین نے شرکت کی۔