تلنگانہ: 15سال پرانی گاڑیوں پر امتناع عائد زیر غور، ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کے لئے اقدامات

,

   

حیدرآباد: بہار میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے سلسلہ میں 15 سال پرانی گاڑیوں پر امتناع عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ بہار کے بعد ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی اس پر عمل آوری کی جائیگی ۔ حکومت ہند کی جانب سے 15 سال پرانی گاڑیوں کو تلف کرنے کی پالیسی پر اب ریاستی سطح پر عمل آوری کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور توقع ہے کہ تلنگانہ میں بھی کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔

دہلی میں فضائی و ماحولیاتی آلودگی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت بہار نے فیصلہ کیا ہے کہ 15 سال پرانی گاڑیوں کو تلف کیا جائے اور ان کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے لیکن اس کے کیا نتائج برآمد ہونگے ابھی یہ کہنامحال ہے مگر بتایاجاتا ہے کہ دہلی میں آلودگی نے ملک کی دیگر ریاستوں کو انسداد آلودگی اقدامات پر غور مجبور کردیا اور وہ منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔ تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد میں آلودگی پر قابو کیلئے شجرکاری کافی نہیں ہے بلکہ آلودگی پیدا کرنے والی قدیم گاڑیوں پر پابندی کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔بتایاجاتا ہے کہ حکام نے تلنگانہ کی نئی پالیسی مرتب کرنے پر غور شروع کردیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ حکومت و محکمہ ماحولیات کے اعلی عہدیداروں کی مشاورت کے بعد اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔