تلگودیشم اے پی میں کانگریس سے مفاہمت نہیں کرے گی

   

حیدرآباد۔30۔جنوری (یواین آئی) آندھراپردیش کے وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج نارالوکیش نے واضح کردیا ہے کہ حکمران جماعت تلگودیشم ،ریاست میں کانگریس سے مفاہمت نہیں کرے گی۔ لوکیش جن کے والد اے پی کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے حال ہی میں مخالف بی جے پی جماعتوں کو متحد کرتے ہوئے ایک ہی پلیٹ فارم پرلانے کی مساعی کے حصہ کے طور پر راہل گاندھی اور دیگر جماعتوں کے لیڈروں سے ملاقات کی تھی۔ گنٹور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تمام جماعتوں کو متحد کرتے ہوئے ای وی ایمس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا،تلگودیشم پارٹی ای وی ایمس کے خلاف جدوجہد کرتی آرہی ہے ۔تلگودیشم نے دوٹوک انداز میں کہا تھا کہ ای وی ایمس کی ضرورت نہیں ہے ، پارٹی کی اسی جدوجہد کے نتیجہ میں ہی ای وی ایمس کے ساتھ وی وی پیاٹس لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کس حلقہ سے مقابلہ کیاجائے ، اس پر پارٹی ہائی کمان کی ہدایت پر وہ عمل کریں گے ۔ انہوں نے ریاست کی اصل اپوزیشن جماعت وائی ایس آرکانگریس سے تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کی قربت پربھی شدیدنکتہ چینی کی ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں کسی کو بھی کہیں بھی جانے کا حق حاصل ہے تاہم انہوں نے کہاکہ اے پی کے عوام کو راکشس کہنے والے فرد کے ساتھ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ جگن موہن ریڈی کس طرح مفاہمت کرسکتے ہیں؟یہ بات ان کو عوام کو بتانی چاہئے ۔