تلگودیشم صدر ایل رمنا حیدرآباد ایم ایل سی نشست کے امیدوار

   


سینئر قائدین کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل، دلچسپ مقابلہ کا امکان
حیدرآباد۔ تلنگانہ تلگودیشم کے صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ ایل رمنا نے حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے لئے تلگودیشم امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ انہوں نے آج ایم ایل اے کوارٹرس حمایت نگر سے پارٹی قائدین کے ہمراہ جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پہنچ کر پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ریاستی اور شہر سے تعلق رکھنے والے کئی سینئر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ ایل رمنا نے رکن پولیٹ بیورو آر چندر شیکھر ریڈی، سینئر لیڈر اروند کمار گوڑ اور دوسروں کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کیا اور امید ظاہر کی کہ عوام تلگودیشم کے حق میں ووٹ دے کر انہیں کامیاب بنائیں گے۔ تلگودیشم کے انتخابی میدان میں اُترنے سے کونسل کا الیکشن دلچسپ موڑ اختیار کرچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگودیشم پارٹی نے بائیں بازو کی جماعتوں سے تائید کے سلسلہ میں مشاورت کی تھی لیکن بائیں بازو جماعتیں اپنے امیدوار کو میدان میں اُتار چکی ہیں۔ دوسری طرف پروفیسر ناگیشورراؤ آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کررہے ہیں۔ کانگریس نے جی چناریڈی کو امیدوار بنایا ہے۔ اس حلقہ میں بی جے پی کے رامچندر راؤ دوسری مرتبہ کامیابی کیلئے انتخابی میدان میں ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ تلگودیشم، کانگریس، بائیں بازو اور آزاد امیدوار ناگیشور کے مقابلہ کے نتیجہ میں سیکولر ووٹ تقسیم ہوسکتے ہیں جس کا راست فائدہ بی جے پی کو ممکن ہے۔ بعض مسلم قائدین آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں۔ ٹی آر ایس نے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی دختر وانی دیوی کو امیدوار بنایا ہے۔ کونسل کی دوسری نشست کھمم ، ورنگل اور نلگنڈہ کیلئے تلنگانہ جن سمیتی کے پروفیسر کودنڈا رام انتخابی میدان میں ہیں۔ اس حلقہ میں بھی کانگریس ، ٹی آر ایس ، بائیں بازو اور بی جے پی کے درمیان اہم مقابلہ رہے گا۔