تلگودیشم کو ڈالا گیا ووٹ وائی ایس آرکو ملنے کی شکایات:چندرابابو

   

حیدرآباد 11اپریل (سیاست نیوز ) اے پی کے چیف منسٹر و تلگودیشم کے قومی سربراہ این چندرابابونائیڈو نے ریاست میں آج اسمبلی اورلوک سبھا کے انتخابات کے موقع پرای وی ایمس کے مناسب طورپر کام نہ کرنے کی شکایات پر الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کیا ۔انہوں نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ رائے دہی کے آغاز کے اندرون تین گھنٹے تقریبا30فیصد ای وی ایمس کے کام نہ کرنے کی شکایات ملی ہیں جس پرانہوں نے اعتراض کیا۔انہوں نے کہاکہ ای وی ایمس کی خرابی پر ریاست بھرمیں رائے دہندوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور اس بات کی شکایات ملی ہیں کہ تلگودیشم کو دیاگیا ووٹ وائی ایس آرکانگریس کو گیاہے ، یہ افسوسناک بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ کئی مقامات سے ای وی ایمس کی خرابی کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔پولنگ میں تاخیر بھی کئی مقامات پرہوئی ہے ۔انہوں نے کئی مقامات پر دوبارہ رائے دہی کا بھی مطالبہ کیااور کہاکہ ان شکایات پرفوری طورپر الیکشن کمیشن ردعمل جاری کرے ۔انہوں نے واضح کیا کہ عصری ٹکنالوجی کے حامل ممالک میں بھی ای وی ایمس کا استعمال نہیں کیاجاتا ۔انہوں نے کہا کہ وہ ای وی ایمس کے خلاف جدوجہد کرتے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں ای وی ایمس مناسب نہیں ہیں۔