تلگو روزنامہ ایناڈو میں شائع خبر بے بنیاد ، پولیس کی ساکھ متاثر

,

   

تلنگانہ محکمہ پولیس سارے ملک میں سرفہرست ، وزیر داخلہ محمود علی کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر داخلہ مسٹر محمود علی نے تلگو روزنامہ ایناڈو میں شائع خبر پر اپنا سخت گیر ردعمل ظاہر کیا ۔ انہوں نے آج رات میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بے بنیاد خبر کے ذریعہ محکمہ پولیس کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے اس خبر پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج اس اخبار میں شائع خبر سے سارے محکمہ کو دکھ ہوا ہے ۔ مسٹر محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے پولیس کے اقدامات ملک بھر میں اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں اور پولیسنگ میں تلنگانہ پولیس کو ملک میں سرفہرست مقام حاصل ہے اور اس نام کو خراب کرنے اور محکمہ کو بدنام کرنے کی مذموم کوششیں کی گئی ہے ۔ انہوں نے ایناڈو انتظامیہ کو باور کیا کہ وہ آیا اس خبر کی اشاعت کے تعلق سے معافی مانگے یا پھر ٹھوس ثبوت اور شواہد کو پیش کریں چونکہ رپورٹ میں جن باتوں کا تذکرہ اور خلاصہ کیا گیا ہے وہ بے بنیاد ہیں اور اس کو قبول نہیں کیا جاسکتا اگر ایناڈو انتظامیہ شواہد اور ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہوتا ہے اور معافی بھی نہیں مانگی جاتی ہے تو پھر حکومت ہتک عزت کا دعویٰ کرے گی اور حکومت کی کارروائی کے لیے اخبار کو تیار رہنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج جرائم پر قابو پانے میں اور مجرمین و غیر سماجی عناصر کا صفایا کرتے ہوئے عوام کو راحت فراہم کرنے کے جو اقدامات تلنگانہ پولیس کی طرف سے جاری ہیں ملک بھر میں اس کی نظیر نہیں ملتی ۔ بالخصوص خواتین کے تحفظ کے اقدامات پورے ملک کی پولیس کے لیے مشعل راہ بن گئے ہیں ۔ ایک ایسے وقت جب تلنگانہ کی تشکیل ہوئی تھی کئی طرح کے خدشات ظاہر کئے تھے ۔ تاہم ایک طرف فساد ختم ہوگئے اور نکسل واد بھی ختم ہوگیا ۔ پرامن اور ترقی پسند ماحول کے لیے پولیس نے بہت بڑا رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے خبر پر افسوس ظاہر کیا اور ایسے خبروں کی اشاعت و ترسیل میں احتیاط کا مشورہ دیا ۔۔