حیدرآباد۔14۔اپریل (سیاست نیوز) ملک میں کورونا کیسس میں اضافہ کے دوران تلگو فلموں کے مایہ ناز ایکٹر اور رائیٹر پوسانی کرشنا مرلی تیسری مرتبہ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہیں حیدرآباد کے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیاسٹرو میں شریک کیا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق پوسانی پونے میں شوٹنگ کے بعد جمعرات کو حیدرآباد واپس ہوئے تھے ۔ طبیعت کی خرابی پر آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کرایا گیا جس میں کورونا کا پتہ چلا۔ تیسری مرتبہ وہ کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔ ڈاکٹرس نے ان کی حالت کو مستحکم بتایا ہے ۔ اسی دوران تلنگانہ میں بھی کورونا کیسس میں اضافہ کا رجحان ہے ۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 نئے کیسس درج کئے گئے جن میں حیدرآباد کے 18 کیسس شامل ہیں۔ محکمہ صحت نے عوام کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی حکومت کی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق جمعہ کو ملک بھر میں 11109 کورونا کیسس منظر عام پر آئے جو 21 اگست 2022 ء کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ 29 اموات کے نتیجہ میں ملک میں جملہ اموات 531064 ہوچکی ہیں۔قبل ازیں پوسانی کرشنا مرلی کو فروری میں آندھراپردیش فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا صدرنشین مقرر کیا گیا ۔ انہوں نے 4 فروری کو عہدہ کا جائزہ لیا تھا۔ر