تلگو فلم پروڈیوسر کا بیٹا پولیس سے بدسلوکی پر گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /2 جنوری (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس نے تلگو فلموں کے پروڈیوسر نٹی کمار کے بیٹے کرانتی پر حالت نشہ میں پولیس ملازمین سے بدسلوکی کرنے پر ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرانتی نے جشن سال نو کے دوران سوماجی گوڑہ کنٹری کلب کے قریب پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس پٹرولنگ ویان کے ملازمین سے بدسلوکی کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کنٹری کلب کے قریب بعض افراد آپس میں جھگڑرہے ہیں ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر وہاں پہونچنے والی پولیس ٹیم سے کرانتی نے بدسلوکی کی اور علاقہ میں ہنگامہ آرائی کی ۔ انسپکٹر پنجہ گٹہ کروناکر ریڈی نے بتایا کہ ٹالی ووڈ کے پروڈیوسر نٹی کمار کے بیٹے نے پولیس کو اپنے فرائض انجام دینے سے روکا اور ان سے گالی گلوج کی ۔ اپنے بیٹے کو پولیس حراست میں لئے جانے کی اطلاع پر ٹالی ووڈ فلم پروڈیوسر اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہونچ گئے اور پولیس عملہ سے بحث شروع کردی ۔