تل ابیب کے مضافات میں 3خالی بسوں میں دھماکہ

   

یروشلم : اسرائیل کے تل ابیب علاقے میں جمعرات کی رات بیک وقت تین خالی بسوں میں دھماکہ ہوا، جس کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مشتبہ دہشت گردانہ حملہ تھا۔ اسرائیل کے میگن ڈیوڈ ایڈوم رسکیو سروس نے بتایا کہ کسی زخمی کی اطلاع نہیں ہے ۔ یہ دھماکے تل ابیب کے جنوبی مضافاتی علاقہ باتیام میں ڈپو میں کھڑی بسوں میں ہوئے ۔ آن لائن گردش کرنے والی ویڈیوز میں گاڑیوں کو آگ کی لپیٹ میں دکھایا گیا ہے ، جس میں ایک تصویر میں بس کو مکمل طور پر جل کستر ہوتے دکھایا گیا ہے ۔ پولس اہلکار سارگروف نے کہا، “یہ بڑے پیمانے کی واردات ہے جو بیک وقت کم از کم پانچ مقامات پر ہوئی ہے ۔ ہم نے ٹیموں اور افسران کو متعدد مقامات پر تعینات کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ خیز آلات ایک جیسی خصوصیات کے حامل تھے ، غیر معیاری دھماکہ خیز مواد اور ٹائمر سے لیس تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ (مقبوضہ) مغربی کنارے کی خصوصیت معلوم ہوتی ہے ۔ تل ابیب کے علاقہ میں لائٹ ریل سروس کو معطل کر دیا گیا ہے کیونکہ سکیورٹی فورسز مزید ممکنہ آلات کی تلاش کر رہی ہیں۔ ملک بھر میں عوامی نقل و حمل کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے اور وزارت نقل و حمل نے بس ڈرائیوروں اور ٹرین آپریٹرز کو گاڑیاں روکنے اور سکیورٹی چیک کرنے کی ہدایت دی ہے ۔