5 متحدہ اضلاع کے قائدین کے ساتھ چیف منسٹر کا اجلاس
حیدرآباد۔9۔جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اندراماں کمیٹیوں کی تشکیل کے جلد اقدامات کریں گی۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج5 متحدہ اضلاع رنگاریڈی ‘ کھمم‘ ورنگل ‘ کریم نگر اور نلگنڈہ کے منتخبہ ارکان اسمبلی اور مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے ہمراہ ان اضلاع سے تعلق رکھنے والے وزراء کے ہمراہ اجلاس کے دوران یہ بات کہی۔ انہو ںنے تمام قائدین بشمول وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ اضلاع کی ترقی کے سلسلہ میں جامع منصوبہ بندی کریں تاکہ تمام اضلاع کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہر حلقہ اسمبلی کی ترقی کے لئے 10 کروڑ روپئے کا خصوصی بجٹ دیا جائے گا تاکہ ہر حلقہ اسمبلی میں ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جاسکے۔ انہوں نے اجلاس کے دوران کہا کہ ریاستی ضلع واری اساس پر متحرک اور دیانتدار عہدیداروں کے تقرر کے سلسلہ میں اقدامات کرے گی اور بدعنوان عہدیدارو ںکو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اور پارٹی دونوں مل کر ریاست کی ترقی کے لئے کام کریں گے اور اس مقصد کے لئے ضلع واری اساس پر اندراماں کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی ویلفیر اسکیمات کو عوام تک پہنچانے اور ان پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق کہا کہ ریاستی حکومت جلد ہی شفاف طریقہ سے استفادہ کنندگان کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کا انتخاب کرے گی۔ اس اجلاس میں ریاستی وزراء کیپٹن این اتم کمار ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک‘ مسٹر پونم پربھاکر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ریاستی حکومت کے وزراء اور خود ان سے راست ملاقات کرتے ہوئے اپنے حلقہ جات اسمبلی کے مسائل پیش کریں تاکہ ان کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں موجود17 ارکان پارلیمان کی نشستوں میں 12 نشستوں پر کامیابی کا انہوں نے نشانہ مقرر کیا ہے اور ان نشستوں پر کامیابی کے لئے حکومت میں شامل وزراء‘ منتخبہ ارکان اسمبلی کے علاوہ پارٹی کے تمام قائدین کو کوشش کرنی چاہئے ۔3