تمام انبیاء میں نبی مکرم محمد عربی ﷺکا مقام افضل و اعلیٰ، نماز اُمت محمدیہ کو عرش پر عطا کیا گیا تحفہ

   

انٹر نیشنل معراج النبی کانفرنس، علامہ شفیق اللہ چترویدی ، علامہ احمد رضا منظری ، علامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی شرفی کے خطابات

حیدرآباد۔/19 فروری، ( راست ) اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی رہبری کیلئے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کو مبعوث فرمایا اور ہر نبی کو معجزات عطا کئے ہیں لیکن ہمارے پیارے آقا محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کو سراپا معجزہ بناکر بھیجا۔ یوں تو ہر نبی کو الگ الگ معجزات عطاء کئے گئے لیکن جس شان و عظمت والے معجزات نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو عطا کئے گئے اس کی مثال بھی ناممکن ہے۔ دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، رب تعالیٰ نے دین اسلام اور شریعت محمدی ؐ کے ذریعہ بھٹکی ہوئی انسانیت کو ہدایت اور انسانوں کی فلاح و کامرانی کے راستے ہموار کئے۔ رب تعالیٰ نے قرآن پاک میں مخلوق کو سمجھنے کیلئے تمام چیزیں واضح فرمادی ہیں، اب جس کی جیسی عقل ہوگی وہ ویسے ہی سمجھے گا۔ دنیا کے تمام مذاہب اور ان کی کتابوں میں بھی یہی بتایا گیا ہے کہ نہیں ہے کوئی معبود سوائے ایک اللہ کے، جو خالق ہے تمام کائنات و مخلوقات کا۔ ان خیالات کا اظہار کُل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی ستائیسویں عظیم الشان انٹرنیشنل معراج النبی ؐ کانفرنس منعقدہ 18 فروری بعد عشاء گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ کے مہمان مقرر خطیب ہند و نیپال علامہ شفیق اللہ چترویدی نے کیا۔ کانفرنس کا آغاز قر￿ت کلام پاک کلیم الدین حسان کی قر￿ت سے ہوا۔ بارگاہ رسالت مآب ؐ میں مہمان نعت خواں محمد عادل اشرفی (بھیونڈی ) نے ہدیہ نعت پیش کی۔ قیادت مولانا سید محمد رفیع الدین حسینی رضوی قادری شرفی (شرفی چمن ) ، صدارت مولانا سید خلیل اللہ شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی، سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی اور نگرانی محمد شوکت علی صوفی نے کی۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے مہمان مقررین کا استقبال کیا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد اخلاق اشرفی، الحاج محمد نعیم صوفی نے شرکت کی۔ بریلی سے تشریف لائے مہمان مقرر خطیب الہند حضرت علامہ محمد احمد رضا منظری نے کہا کہ آغاز کائنات سے اسلام تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ اسلام نے ہی سب اعلیٰ تعلیم یافتہ، سائنٹسٹ، انجینئرس اور ماہرین پیدا کئے ہیں اور یہ اسلام کا ہی فیضان ہے کہ ہندوستان میں بھی ایسے ایسے ماہرین علم پیدا ہوئے ہیں۔مولانا ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی نے کہا کہ نماز کو مومن کی معراج کہا گیا ہے یہ کوئی معمولی بات نہیں۔ حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ نماز مومن کی معراج ہے۔ نبی پاک صلی اللہ علیہ ووسلم اپنی اُمت سے اس قدر محبت کرتے ہیں کہ وہ اپنی اُمت کو اس معراج کا حصہ بنانا چاہتے ہیں کہ تم اگر خشوع و خضوع کے ساتھ بارگاہ رب العزت میں نماز ادا کروگے تو یقین جان لو کہ یہ تمہاری معراج ہوگی اور تمام فلاح و کامرانی پاؤ گے۔ آج ہمارا فرض ہے کہ ہم خود بھی نمازی بنیں اور اپنے ماؤں اور بہنوں اور بیٹیوں کو بھی نماز کا پابند بنائیں۔ شب معراج النبیؐ کی اس کانفرنس کا مقصد یہی ہے کہ مسلمان نماز کی فضیلت اور نبی پاک ؐ کے اس معجزہ سے اچھی طرح واقف ہوجائیں اور اپنی زندگی میں اسلامی انقلاب پیدا کریں۔ مولانا محمد اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ عصر حاضر میں نوجوان دنیاوی جاہ و حشمت کی فکر میں لگے ہیں، مغربی کلچر کی طرف مائل ہوکر اپنی دنیا و آخرت کو تباہ کررہے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کہ یہ دنیاوی خواہشات انہیں کونسے مقام پر لے جارہی ہیں۔ نمازوں کا ترک کرنا انہیں قبر و حشر میں رسوا کردے گا۔ اگر دنیا و آخرت میں کامیابی چاہتے ہو تو اپنے آپ کو نمازوں کا پابند بنائیں۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے بھی خطاب کیا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا ظہیر الدین رضوی القادری، ڈاکٹر عظمت رسول، مولانا ممتاز اشرفی، سید اعزاز محمد نے شرکت کی۔ محمد عادل اشرفی، عبدالکریم رضوی، محمد عبدالمنان عارف قادری، سید طاہر حسین قادری، محمد عبیداللہ سعدی قادری شرفی نے انتظامات کئے۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دعاء پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا۔