تمام مودیوں کو چورکہنا، ساری برادری کی توہین

,

   

راہول گاندھی کے ریمارکس پر وزیراعظم کی تنقید، انتخابی جلسوں سے خطاب
کوربا ؍ بھات پاڑہ ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو ’’چوکیدار چور ہے‘‘ سے متعلق ان کے ریمارکس پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جو کوئی خاندان اور موروثی نظام کو چیلنج کرتا ہے اس کو اس قسم کی بدکلامی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ وزیراعظم مودی نے چھتیس گڑھ میں انتخابی ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف فضائی حملے اور ہندوستان کی سٹلائٹ شکن میزائل ٹیکنالوجی کی صلاحیت کا مظاہرہ صرف عوام کے ووٹ کی طاقت کے سبب ممکن ہوسکا ہے۔ ضلع بالوڈہ بازار کے بھاتا پارہ میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زعفرانی جماعت کی لہر دیکھ کر مخالف بی جے پی اتحاد کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’سارے ملک میں بی جے پی لہر دیکھ کر کانگریس اور اس کے مہاملاوٹی دوستوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں اور مایوسی کی حالت میں اب وہ میرے بارے میں بدکلامی کررہے ہیں۔ ملک کے عوام دیکھ رہے ہیں‘‘۔ مودی نے کہا کہ ’’وہ (راہول گاندھی) کہہ رہے ہیں کہ جن کے ناموں کے ساتھ مودی جڑا ہوا ہے وہ سب کے سب چور ہیں۔ یہ کس قسم کی سیاست ہے؟۔ انہوں نے ساری برادری کو ہی چور قرار دیدیا ہے اور وہ بھی اپنے لئے تعریف حاصل کرنے کیلئے اور آپ کے چوکیدار کی توہین کرنے کیلئے ایسا کہا گیا ہے‘‘۔ مودی نے کہا کہ ’’یہ شاہی سلطنت کی ذہنیت ہے جو ہر استحصال شدہ اور نظرانداز شدہ شخص کو غلام کی نظر سے دیکھتی ہے۔ نامدار آج مودی کو برا بھلا کہہ رہے ہیں اور کل وہ قبائیلی افراد کو اور پھر اسکے بعد ہر کسی کو برا بھلا کہیں گے‘‘۔