تمل سوپر اسٹار وجے فلموں سے کنارہ کشی کریں گے

   

ممبئی۔ تمل سوپر اسٹار وجے تھلاپتی جو حال ہی میں لیو میں نظر آئے تھے اور اپنی آنے والی فلم دی گوٹ لائف کی ریلیز کے منتظر ہیں انہوں نے اپنے سیاسی کیریئرکے لیے سینما چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے جمعہ کو اپنی سیاسی جماعت تمیلاگا ویٹری کزگم کا اعلان کیا۔ اداکار نے کہا کہ وہ تمل ناڈو میں ایک مکمل سیاست دان بننے کے لیے دو فلمیں (گوٹ اورایک بلا عنوان فلم) مکمل کرنے کے بعد سنیما چھوڑ دیں گے۔ ان کی پارٹی کے ارکان2026 کے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ اداکار نے حال ہی میں کلاس 10 اور 12 کے طلباء سے ملاقات کی اور چنئی میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد کی پیشکش بھی کی۔ ایک طویل بیان میں اداکار نے کہا کہ سماجی کام کو بھرپور طریقے سے کرنے کے لیے سیاسی طاقت کی ضرورت ہے۔ ایکس پر اداکار کے آفیشل اکاؤنٹ نے بیان میں کہا کہ آپ سب تمل ناڈو کی سیاسی صورتحال سے بخوبی واقف ہیں۔ ایک طرف ہمارے پاس غیر فعال انتظامیہ اوربدعنوان سیاسی کلچر ہے، اور دوسری طرف ہمارے پاس تفرقہ انگیز سیاست ہے جس کا مقصد لوگوں کو ذات پات، مسلک اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنا ہے۔ دونوں ہماری ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ یہ ایک ناقابل تردید سچائی ہے کہ لوگ زیادہ تر تمل ناڈو میں سیاسی منظر نامے میں تبدیلی کے خواہش مند ہیں اور تبدیلی لانے کے لیے ایک بے لوث، ایماندار، سیکولر اور باصلاحیت پارٹی چاہتے ہیں۔