چینائی: 3اکٹوبر ( یو این آئی )مدراس ہائی کورٹ نے جمعہ کو بی جے پی لیڈر اوما آنندن کی طرف سے دائر درخواست کو خارج کر دیا جس میں تمل ناڈو کے کرور میں اداکار-سیاستدان وجے کی عوامی ریلی کے دوران ہوئی بھگدڑ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ 27 ستمبر کو کرور میں وجے کی ریلی کے دوران بھگدڑ کے سبب 41 لوگ مارے گئے تھے اور بہت سے دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے نے تمل ناڈو اور پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔بی جے پی لیڈر اوما آنندن نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ اس واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کا حکم دے، کیوں کہ بہت سے سوالات کے جواب نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے دلیل دی کہ ممکنہ طور پر سرکاری بے حسی اور حفاظتی انتظامات میں لاپرواہی نے کردار ادا کیا ہے۔معاملہ کی سماعت کرنے والی مدراس ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے درخواست کو خارج کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار اگر چاہے تو اس معاملے میں مدورائی بنچ سے رجوع کر سکتی ہیں۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ فی الحال درج ایف آئی آر اور جاری تحقیقات کو دیکھتے ہوئے اس مرحلے پر سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ جائز نہیں ہے۔