سری نگر : وادی کشمیر کے دورے پر آئے ملک کے نامور سابق کرکٹر سچن تنڈولکر نے بدھ کے روز اوڑی میں لائن آ ف کنٹرول(ایل او سی) پر کمان پوسٹ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ فوج کے سینئر آفیسران بھی موجود تھے ۔سچن تنڈولکر اپنی اہلیہ انجیلی تنڈولکر اور بیٹی سارا تنڈولکر کے ہمراہ بدھ کے روز اوڑی پہنچے اور وہاں پر فوجی جوانوں سے ملاقی ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ سچن تنڈولکر نے اوڑی میں کمان سیتو پل پر فوجی جوانوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلا ۔
قبل ازیں موصوف کرکٹر نے سیاحتی مقام گلمرگ میں ہو رہی برف باری سے لطف اندوز ہوئے ۔بتادیں کہ سچن تنڈولکر اپنے اہلخانہ سمیت گذشتہ چند دنوں سے کشمیر کی سیر پر ہیں۔انہوں نے دورے کے دوران جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے چرسو اونتی پورہ میں قائم ایک کرکٹ بیٹ منی فیکچرنگ فیکٹری کا دورہ بھی کیا اور زعفران کی کاشتکاری کے لئے مشہور قصبہ پانپور پہنچے اوروہاں کشمیری قہوہ نوش کیا۔