توانگ میں چینی جارحیت کو مکمل ناکام بنادیاگیا، راجناتھ کا دعویٰ

,

   

اروناچل پردیش میں ہندوستانی فوج کے ساتھ 9 ڈسمبر کو جھڑپ پر حکومت کا بیان ۔ تاخیر سے ردعمل پر اپوزیشن کی شدیدتنقید

نئی دہلی : اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں 9 دسمبر کو ہندوستانی فوج کے ساتھ چینی فوجیوں کی جھڑپ ہوئی تھی۔ اس جھڑپ میں دونوں ممالک کے فوجی زخمی ہوئے۔ اگرچہ ان زخمیوں میں چینی فوجیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ جھڑپ کے بعد ہندوستان اور چین کے کمانڈروں نے اس علاقے میں فلیگ میٹنگ کی اور پھر دونوں ممالک کے فوجی پیچھے ہٹ گئے۔ فوجیوں کے درمیان جھڑپ کی یہ خبر گزشتہ روز سامنے آئی تھی ، جب کہ یہ واقعہ 9دسمبر کو پیش آیا تھا، آج کے زمانے میں اس طرح کی خبروں کی تاخیر سے موصول ہونا اپنے آپ میں سوالیہ نشان ہے۔ جس کے بعد سے اپوزیشن لیڈروں نے حکومت کا گھیراؤ شروع کر دیا۔ منگل کو دونوں ایوانوں میں اس معاملے پر کافی ہنگامہ آرائی ہوئی ، اور اپوزیشن لیڈروں نے حکومت سے وضاحت طلب کی۔ا س سلسلے میں کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس کے پہلے گھنٹے میں کارروائی روک دی اور پھر سرحدی جھڑپ پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ کانگریس صدر اور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ حکومت کو چینی مداخلت کے بارے میں منصفانہ اور ایماندار ہونا چاہئے۔ ہم قومی سلامتی کے مسائل پر ملک کے ساتھ ہیں اور اس پر سیاست نہیں کرنا چاہیں گے، لیکن مودی حکومت کو اپریل 2020 سے ایل اے سی کے ساتھ تمام مقامات پر چینی تجاوزات اور تعمیرات کے بارے میں ایماندار طریقہ سے ملک کے عوام کو بتانا چاہئے۔اسی دوران وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ہندوستان کی ایک انچ زمین پر کوئی قبضہ نہیں کر سکتا۔ میںجوانوں کی بہادری کی تعریف کرتا ہوں، ہمارے فوجیوں نے فوری طور پر تمام دراندازوں کو بھگا دیا اورسرحد کی حفاظت کی۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کانگریس نے راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کے ایف سی آر اے (فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ) رجسٹریشن کی منسوخی سے متعلق سوالات سے بچنے کے لیے پارلیمنٹ میں سرحدی مسئلہ اٹھایا ہے۔امیت شاہ نے الزام لگایا کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کو چینی سفارت خانے سے مبینہ طور پر 1.35 کروڑ روپے کی گرانٹ ملی تھی، جو ایف سی آر اے قانون اور اس کے اصولوں کے مطابق نہیں تھی، اس لیے اس کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی۔ وزیر داخلہ نے آنجہانی وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو پر الزام لگایا کہ چین سے محبت کی وجہ سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت ترک کر دی گئی۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ جب تک پی ایم مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت ہے، کوئی ہماری ایک انچ زمین پر بھی قبضہ نہیں کر سکتا۔ وہیں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایوان میں اس معاملے پر بیان دیا۔انہوں نے کہا کہ 9 دسمبر کوپی ایل اے کے گروپ نے توانگ سیکٹر میں LAC پر تجاوزات کرکے یکطرفہ طور پر جمود کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ ہماری فوج نے عزم کے ساتھ چین کی اس دراندازی کا مقابلہ کیا۔