توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر

   

اسلام آباد بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر آج توشہ خانہ ریفرنس میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر ٹیم کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچے۔ بشریٰ بی بی، اور عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ اور نورین خان بھی اڈیالہ جیل پہنچیں، جن کے ساتھ پی ٹی آئی وکلاء بابر اعوان اور بیرسٹر عمیر نیازی بھی موجود تھے۔بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر نیب کی جانب سے دلائل دیے گئے۔ سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، تاہم عدالت نے فرد جرم کی کارروائی مؤخر کردی اور سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی۔عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کر رکھی ہے۔