توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تین سال قید کی سزا

,

   

سابق وزیر اعظم لاہور سے گرفتار‘5سال تک الیکشن میں حصہ لینے پر بھی پابندی

اسلام آباد:اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنادی گئی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے صدر کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے آج عمران خان کو طلب کیا تھا۔سماعت کے آغاز پر جج ہمایوں دلاور نے استفسار کیا کہ کیا کوئی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل آیا ہے؟ کسی کے پیش نہ ہونے پر جج نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز سے استفسار کیا کہ کیا کچھ کہیں گے؟ کوئی شعر و شاعری ہی سنا دیں۔بعد ازاں کیس کی سماعت جب دوبارہ شروع ہوئی تو پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ خواجہ حارث احتساب عدالت میں موجود ہیں، تھوڑا وقت چاہیے۔جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ مجھے کیس کا نام بتائیں جس میں خواجہ حارث مصروف ہیں اس پر وکیل نے کہا کہ خواجہ حارث چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں کے کیس میں مصروف ہیں، فری ہوکر کچہری آجائیں گے۔جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ اگر رات گئے تک خواجہ حارث پیش نہ ہوئے تو پھر کیا ہوگا ؟سیشن عدالت نے ساڑھے 8 بجے خواجہ حارث کو بلایا تھا، پہلی کال پر ملزم نہ آئے تو ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوتے ہیں۔تاہم چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا ضلعی کچہری پہنچ گئے جس کے بعد تھوڑی دیر بعد خواجہ حارث بھی عدالت پہنچ گئے۔ جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر الزامات ثابت ہوتے ہیں، ان پر جھوٹے اثاثے ظاہر کرنے کا الزام ثابت ہوا، قابلِ سماعت ہونے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ اس کے بعدعدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہیکہ اگر عمران خان ایک لاکھ روپے جرمانہ نہیں دیں گے تو 6 ماہ مزید قید ہوگی۔عمران خاں پر پانچ سال تک الیکشن میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔عمران خاں پر سرکاری تحائف کو فروخت کرنے کا الزام ہے۔اس مقدمہ کو توشہ خانہ کیس کا نام دیا گیا ۔جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے وارنٹ نکالے جاتے ہیں۔توشہ خانہ کیس میں سیشن عدالت کے حکم کے بعد پولیس نے عمران خان کو لاہور سے گرفتار کرلیا ۔ذرائع کے مطابق عمران خان کے اہلخانہ نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہیکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو لاہور پولیس نے زمان پارک سے گرفتار کیا ہے۔