تھائی لینڈ : بادشاہ کے خلاف فیس بک پوسٹ کرنے والے شخص کو 28 سال قید

   

بنکاک : تھائی لینڈ کی ایک عدالت نے بادشاہ کے خلاف پوسٹ کرنے پر ایک 27 سالہ سیاسی کارکن کو 28 برس قید کی سزا سنائی ہے۔ پوسٹ کرنے والے شخص مونگ کھون تھراکوٹ کا تعلق تھائی لینڈ کے شمالی صوبے چیانگ رے سے ہے۔ مذکورہ شخص کو گزشتہ برس اگست میں شاہی خاندان سے متعلق ایک قانون کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ مقامی عدالت کے مطابق مونگ کھون تھراکوٹ نے 27 فیس بک پوسٹس کی تھیں۔ ان میں سے 14 پوسٹس شاہی خاندان سے متعلق قانون کی خلاف ورزی قرار دی گئیں۔ عدالت کے مطابق ان پوسٹس میں سے 13 میں موجودہ بادشاہ مہا واجیرالونگ کورن کے والد اور 2016 میں آنجہانی ہونے والے تھائی فرماں روا بھومی بول ادلیادیج کی توہین پر مبنی تھیں۔ جب کہ ایک پوسٹ میں شاہی خاندان کے کسی مخصوص فرد کا ذکر نہیں تھا۔ مونگ کھون کو ان 14 پوسٹس میں سے ہر ایک پر تین برس قید کی سزا سنائی گئی تھی جو کہ مجموعی طور پر 42 سال بنتی ہے تاہم عدالت کے ساتھ تعاون کرنے پر ملزم کی سزا کم کرکے 28 برس کردی گئی۔ تھائی لینڈ میں یہ قانون بادشاہ، ان کی ملکہ، جانشینوں اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ اس قانون کے تحت بادشاہ یا شاہی خاندان میں سے کسی کی توہین یا تضحیک پر تین سے 15 برس کی قید ہوسکتی ہے۔