تھائی لینڈ میں وین اور کار کی ٹکر میں بچوں سمیت11 افراد جھلس کر ہلاک

   

بیجنگ: تھائی لینڈ میں چین کے نئے قمری سال کے آغاز پر سیاحتی مقام سے آنے والی مسافر وین ایک کار سے ٹکرا گئی اور اس میں آگ بھڑک اْٹھی جس کے نتیجہ میں 11 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ میڈیاکے مطابق وین میں حادثے کے وقت موجود مسافروں میں سے صرف ایک نوجوان اپنی جان بچا سکا۔ کسی اور مسافر کو وین سے نکلنے کی مہلت بھی نہ مل سکی۔زندہ بچ جانے والے واحد مسافر، 20 سالہ طالب علم نے بتایا کہ حادثے کے وقت میں سو رہا تھا آنکھ کھلی تو خوفناک منظر دیکھا۔ پچھلے حصے میں آگ لگی تھی۔ میں نے دروازے پر لاتیں مار کر شیشہ توڑا اور بمشکل رینگتے ہوئے نکلا۔طالب علم نے مزید بتایا کہ جیسے ہی میں وین سے باہر نکلا، زور دار دھماکا ہو گیا اور پوری وین دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں کی لپیٹ میں آگئی۔ اندر سے مسافروں کے چیخوں کی آواز سنائی دے رہی تھیں لیکن میں کچھ نہ کرسکا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کا پتہ چلانا مشکل ہے کہ حادثہ کس کی غلطی سے پیش آیا۔ سال نو پر ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔اس حادثہ کے بعد علاقہ میں افراتفری دیکھی گئی۔پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اور امدادی کام انجام دئے۔